یوسف رضا گیلانی کے فیصلوں کے تحفظ کیلئے صدارتی آرڈنینس جاری
ہم ٹکراﺅ کی سیاست نہیں چاہتے، وزیراعظم
ایک سیاسی جماعت اکیلے حکومت نہیں بناسکتی، امیر جماعت اسلامی
وزیراعظم کے احکامات پر پاور اسٹیشنز کو اضافی ایندھن کی فراہمی شروع
ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی مدت میں پانچ روز کی توسیع
اور
گال ٹیسٹ، پاکستان کے فالو آن کے بعد سری لنکا کا بیٹنگ کا فیصلہ
خبروں کی تفصیل:۔
صدر آصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کے فیصلوں کو آئینی تحفظ دینے کے لئے صدارتی آرڈنینس جاری کردیا۔ صدارتی آرڈنینس کے تحت سابق وزیراعظم کے 26 اپریل سے انیس جون تک کے فیصلوں کو چیلنج نہیں کیا جاسکے گا۔یادرہے کہ سپریم کورٹ نے یوسف رضا گیلانی کو اسپیکر رولنگ کیس میں نااہل قرار دیتے ہوئے اس کا اطلاق 26 اپریل سے کیا تھا، جسکے بعد وفاقی بجٹ سمیت دیگر اقدامات پر تحفظات سامنے آرہے تھے۔
وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ہم ٹکراﺅ کی سیاست نہیں چاہتے بلکہ اپنے مخالفین کو بھی ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔گڑھی خدا بخش میں بےنظیر بھٹو کے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کے جانے کا یہ مطلب نہیں کہ جمہوریت ختم ہو گئی، جمہوریت کا سلسلہ اسی طرح چلتا رہے گا۔انکا کہنا تھا کہ ملکی مفاد میں مفاہمتی پالیسی جاری رکھیں گے، جمہوریت کے تسلسل کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہمیں پارلیمنٹ سمیت تمام اداروں کو مضبوط کرنا ہے۔ ہم تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ اپنی مدت پوری کرے گی۔انھوں نے مزید کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کا آبائی گھر قومی ورثہ قرار دیا جائے گا۔
امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت اکیلے حکومت نہیں بناسکتی۔کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہا کہ الیکشن میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوگی، اس سلسلے میں ہم دیگر جماعتوں سے رابطے میں ہیں۔ سید منور حسن کا کہنا تھا کہ جو جمہوری حکومت عدالتوں کے فیصلوں کو نہیں مانتی اور اسمبلی کی قراردادوں پر عمل نہیں کرتی، اسے جمہوری کیسے قرار دے سکتے ہیں۔
لوڈشیڈنگ ختم کرنے کیلئے وزیراعظم کے احکامات کے تحت پاکستان اسٹیٹ آئل نے اضافی ایندھن پاور پلانٹس کو فراہم کرنا شروع کردیا۔تفصیلات کے مطابق پی ایس او نے وزیراعظم کے احکامات کے مطابق اٹھائیس ہزار ٹن اضافی ایندھن کی فراہمی شروع کردی ہے۔وزارت پانی و بجلی کا کہنا ہے کہ ایندھن کی فراہمی سے بارہ سو میگاواٹ اضافی بجلی سسٹم میں آجائے گی،جبکہ کل سے بجلی کی پیداوار ساڑھے تیرہ ہزار میگاواٹ ہوجائے گی۔ادھر آج چھٹی کے روز بھی بجلی کا شارٹ فال سات ہزار آٹھ سو میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے، جس کے باعث سخت گرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ نے لوگوں کا جینا محال کردیا ہے۔ بھاری شارٹ فال کے باعث شہری علاقوں میں بارہ سے سولہ جبکہ دیہی علاقوں میں بائیس گھنٹے تک کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی مدت میں پانچ روز کی توسیع کردی۔یہ مدت کل ختم ہورہی تھی تاہم اب اس اسکیم سے رواں مالی سال کے آخری دن تک فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔یاد رہے کہ رواں مالی سال تیس جون کو ختم ہورہا ہے۔
گال ٹیسٹ میں سری لنکا نے پاکستانی ٹیم کو100رنز پر آﺅٹ کرکے فالوآن کا شکار کردیا، تاہم سری لنکا نے پاکستان کو فالوآن دینے کی بجائے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔گال میں جاری میچ کے تیسرے دن پاکستان نے اننگز کا آغاز 5 وکٹ پر 48 رنز سے کیا، یونس خان اور ایوب ڈوگر نے محتاط انداز میں بیٹنگ جاری رکھی، لیکن یونس خان 29 رنز بناکر امپائر کے غلط فیصلے کا شکار ہوئے جبکہ اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے ایوب ڈوگر 25 رنزکے ساتھ نمایاں رہے۔عدنان اکمل 9رنز بنا کر رن آوٹ ہوئے جبکہ عبد الرحمن اور عمر گل بالترتیب 1اور2رنز بنا کر آوٹ ہوئے اور یوں پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگ میں100رنز بناآﺅٹ ہوگئی، یہ پاکستان کا سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں دوسرا کم ترین اسکور ہے، اس سے پہلے قومی ٹیم 2009 میں سری لنکا کے خلاف کولمبو میں 90 رنز بناکر آﺅٹ ہوئی تھی۔واضح رہے کہ سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 472 رنز بناکر آویٹ ہوئی تھی۔