PPI NEWS Bulletin 1500 پی پی آئی نیوز بلیٹ

ہیڈلائنز:۔

سپریم کورٹ کی حکومت کو ایک بار پھر مہلت، لاپتہ افراد کل پیش کرنیکا حکم۔
کل کچھ لاپتہ افراد کو عدالت میں پیش کردیں گے، وزیر دفاع۔
بلوچستان بھر میں بلدیاتی انتخابات کے دوران دفعہ 144 نافذ۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی صدارت میں کورکمانڈرزکانفرنس جاری۔
اور
نسل پرستی کے خاتمے کی علامت سمجھے جانے والے معروف رہنماءنیلسن منڈیلا کی زندگی کے حوالے سے بلیٹن میں شامل ہے خصوصی رپورٹ۔

خبروں کی تفصیل:۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے لاپتہ افراد کیس میں مزید مہلت دیتے ہوئے 14 لاپتہ افراد کو کل صبح 9 بجے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔لاپتہ افراد کیس سماعت سپریم کورٹ میں چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ سماعت کے آغاز میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے عدالت سے 35 لاپتہ افراد کی معلومات عدالت میں پیش کرنے درخواست کی تاہم آج بھی کسی لاپتہ شخص کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ خواجہ ا?صف نے لاپتہ افراد کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ 2 افراد اس وقت حراستی مرکز میں قید ہیں جب کہ ایک شخص سعودی عرب، 3 افراد جنوبی وزیرستان میں ہیں جن کی لوکیشن ابھی دیکھ رہے ہیں، 5 افراد کی معلومات نامکمل جب کہ 7 افراد کی کوئی معلومات نہیں مل رہی۔ خواجہ آصف نے کہاکہ 8 افراد رہائی کے بعد افغانستان چلے گئے تھے اگر عدالت کہے گی تو انہیں ہم پیش کردیں گے۔چیف جسٹس نے کہا کہ اس بات کی کیا شہادت ہے کہ 8 افراد افغانستان میں ہیں اس کی شہادت لے کر آئیں۔ خواجہ آصف نے کہاکہ لاپتا افراد میں سے کوئی ایک بھی فوج کی تحویل میں نہیں اس پر چیف جسٹس نے کہاکہ 35 افراد کی فوج کو حوالگی کے ثبوت بھی موجود ہیں۔وزیر دفاع نے عدالت سے مزید وقت کی استدعا کرتے ہوئے کہاکہ اگر وقت مل جائے تو جو افراد رہ گئے ان کی تفصیلات سے بھی عدالت کو آگاہ کردیں گے تاہم چیف جسٹس نے کہا کہ اگر ہمیں کل بھی بیٹھنا پڑا تو بیٹھیں گے، اتوار کے روز بھی عدالت لگائیں گے آپ یہ نہ سمجھیں کھیل یہاں ختم ہوگیا یہ بنیادی حقوق کا معاملہ ہے اور لوگوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔بعدازاں سپریم کورٹ نے کیس سماعت کل تک ملتوی کرتےہوئے صبح 9 بجے لاپتہ، آزاد اور حراستی مراکز میں قید 14 افراد کو جسٹس امیر ہانی مسلم کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے کچھ لاپتہ افراد کو عدالت میں پیش کردیا جائے گا۔سپریم کورٹ میں لاپتہ افراد کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتےہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس 20 لاپتہ افراد کے کوائف موجود ہیں اور باقی کے بھی جلد مل جائیں گے، جو افراد خیبر پختونخوا کے حراستی مراکز اور وہ جو رہائی کے بعد عام زندگی گزار رہے ہیں انہیں کل عدالت کے سامنے پیش کردیا جائے گا، جب کہ بقیہ افراد کو بھی 2 سے 4 روز میں عدالت کے سامنے پیش کردیا جائے گا، ہماری کوشش ہے کہ کل زیادہ سے زیادہ افراد کو پیش کیا جائے۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بلدیاتی انتخابات کے دوران چھ دسمبر سے دس دسمبر دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کر دی گئی۔ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، گاڑیوں کے کالے شیشے اور اسلحے کی نمائش پر بھی پابندی ہو گی۔صوبائی محکمہ داخلہ اور قبائلی امور حکومت بلوچستان کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سات دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے آج سے کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں دفعہ ایک سو چوالیس کے تحت موٹر سائیکل کی ڈبل سواری ، گاڑیوں کے کالے شیشوں اور ہر قسم کے اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ یہ پابندی دس دسمبر تک عائد رہے گی۔ پابندی کا اطلاق قانون نافذ کرنے والے اداروں پر نہیں ہو گا۔ حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے دوران کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں عام تعطیل کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی صدارت میں کورکمانڈرزکانفرنس جاری ہے، ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال، پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدمہ سمیت دیگر امور زیربحث آئیں گے۔ جنرل راحیل شریف آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار کورکمانڈز کانفرنس کی صدارت کررہے ہیں، ذرائع کے مطابق سابق صدرپرویزمشرف کے خلاف غداری کیس اور لاپتہ افراد سے متعلق امور بھی زیربحث آئیں گے۔