تحریک انصاف کا امن مارچ جنوبی وزیرستان کیلئے روانہ، انتظامیہ کی داخلے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ
تحریک انصاف کو امن مارچ سے روکا نہ کوئی سیکیورٹی الرٹ جاری کیا، رحمن ملک
دہری شہریت رکھنے والا رکن پارلیمنٹ قبول نہیں، اے این پی
کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں پانچ افراد جاں بحق
امریکی وزیر دفاع افغان صدر کے بیانات پر برہم
اور
قومی رینکنگ اسنوکر چیمپئین شپ ،فائنل میں آج محمد آصف اور اسجد اقبال کا ٹکراﺅ
خبروں کی تفصیل:۔
تحریک انصاف کا امریکی ڈرون حملوں کے خلاف امن مارچ اسلام آباد سے جنوبی وزیرستان کے لیے روانہ ہوگیا۔اسلام آباد سے عمران خان کی قیادت میں مارچ آج صبح روانہ ہوا جبکہ پشاور اور دیگر شہروں سے بھی ریلیاں اس مارچ کا حصہ بنیں گی اور یہ سلسلہ رات تک جاری رہے گا۔دوسری جانب جنوبی وزیرستان کے پولیٹیکل ایجنٹ شاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو مطلع کردیا گیا ہے کہ امن مارچ کو جنوبی وزیرستان میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی ریلی کو ضلع ٹانک میں بھی داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلی کو ڈیرہ اسماعیل خان ہی میں روک دیا جائے گا۔دوسری جانب حکام مقامی افراد کو تین روز سے کوٹکئی کے علاقے میں داخل ہونے نہیں دے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو امن مارچ سے روکا ہے نہ ہی اس کیلئے کوئی سیکیورٹی الرٹ جاری کیا۔اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک ننے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت کی کوئی دہری پالیسی نہیں۔ پیپلز پارٹی عوامی جذبات کی ترجمان کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے روکنے کیلئے دورہ امریکا میں اعلیٰ حکام سے بات کی ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی نے پارلیمنٹرینز کو دہری شہریت کی اجازت دلانے کیلئے آئینی ترمیم کے معاملہ پر حکومت کا ساتھ دینے سے انکار کردیا۔اے این پی کے رہنماءسینیٹر حاجی عدیل نے اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے صدر اور وزیراعظم کو بتادیا ہے کہ دہری شہریت والا رکن پارلیمنٹ قبول نہیں ہے، ہم دہری شہریت والے کو رکن پارلیمنٹ تسلیم کریں گے نہ ہی وزیر۔حاجی عدیل نے کہاکہ بھارت اور حتی کہ افغانستان میں بھی دہری شہریت والے کو رکن اسمبلی بننے کی اجازت نہیں۔
کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں خاتون سمیت 5افراد ہلاک ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق رنچھوڑ لائن میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔شریں جناح کالونی اور لانڈھی میں فائرنگ سے دو افراد کو قتل کردیا گیا،۔گلبہار میں عاطف نامی شخص گولیوں کا نشانہ بنا جبکہ کیماڑی کے علاقے سے ایک خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ لیون پنیٹا نے کہا ہے کہ افغان صدر حامد کرزئی کو اتحادی افواج پر تنقید کے بجائے ان کا شکر گزار ہونا چاہیے، جو افغانستان میں لڑ رہی ہیں اور اپنی جانیں دے رہی ہیں۔امریکی وزیر دفاع کا یہ بیان افغان صدر حامد کرزئی کی طرف سے ان اعتراضات کے جواب میں آیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ امریکا پاکستان میں موجود عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کے بجائے ساری توجہ افغانستان میں مرکوز کیے ہوئے ہے۔ امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ افغانستان میں یونیفارم میں موجود لوگ افغانستان کی خود مختاری لے لیئے لڑ رہے ہیں اور ہلاک ہورہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ دو ہزار سے زائد امریکی مرد اور خواتین اس جنگ میں ہلاک ہوچکے ہیں۔
چوتھی قومی رینکنگ اسنوکر چیمپئین شپ کا فائنل آج محمد آصف اور اسجد اقبال کے درمیان کھیلا جائے گا۔کراچی میں جاری چیمپئین شپ کے پہلے سیمی فائنل میں محمد آصف نے سہیل شہزاد کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد چار کے مقابلے میں چھ فریمز سے شکست دی۔دوسرے سیمی فائنل میں اسجد اقبال نے شہرام چنگیزی کو کوئی موقع دئے بغیر لگاتار چھ فریمز جیت کر کامیابی حاصل کی۔