تحریک کا امن مارچ آ ج ڈیرہ اسما عیل خان سے ٹانک روانہ ہوگا
وزیرستان امن مارچ، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں ایمرجنسی نافذ
ڈاکٹرعافیہ کی رہائی کے لئے رحمان ملک کا امریکی حکام کو خط
کراچی میں24گھنٹوں کے دوران فائرنگ کے واقعات میں10افراد جاں بحق
اور
سری لنکن کپتان نے پاکستان سے سیمی فائنل کی پچ پر اعتراضات مسترد کردیے
خبروں کی تفصیل:۔
تحریک انصاف کا امن ما ر چ آج ڈیرہ اسما عیل خان سے ٹانک روانہ ہوگا۔ تحریک انصاف کا وزیرستان امن مارچ گز شتہ رات میانوالی سے ڈیرہ اسماعیل خان پہنچا، جس میں ہزاروں لوگ شامل ہیں، امن مارچ رات قیام کے بعد آج صبح وزیرستان روانہ ہوگا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ہٹالہ کیمپ کے مقام پر پڑاو کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آ ج کوٹ کئی جانے کی کوشش کریں گے، دہشتگردی کے خلاف جنگ قبائلی عوام سے ملکر ہی جیت سکتے ہیں، طالبان سے کوئی خطرہ نہیں، خطرہ حکومت میں موجود لوگوں سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا وزیر ستان امن مارچ پر امن ہے، کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہے، تحریک انصاف دہشتگردی کے خلاف نئے طریقے سے جنگ جیتنے کا حل بتارہی ہے، سیاسی جماعتوں کو مارچ میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی کوئی بھی آسکتا تھا۔ عمران خان نے بتایا کہ حکمرانوں کو ملک کی کوئی فکر نہیں، حکمرانوں کے اثاثے بیرون ملک ہیں، عالمی میڈیا کو لانے کا مقصد یہاں کے لوگوں کے مسائل بتانا ہے، ہم یہاں کسی سے لڑنے نہیں آئے۔
تحریک انصاف کے جنوبی وزیرستان امن مارچ کے باعث انتظامیہ نے ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں ایمرجنسی نافذ کردی۔انتظامیہ نے ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے جنوبی وزیرستان جانے والے راستے کنٹینرز کھڑے کر کے سیل کردیئے ہیں۔ امن مارچ کے باعث پولیس کی چھٹیاں منسوخ کرنے کے ساتھ ٹانک میں ایف سی کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ کسی بھی ناخوشگوارصورتحال سے نمٹنے کے لئے پاک فوج کو بھی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔انتظامیہ کے مطابق جنوبی اضلاع اور مالاکنڈ ڈویژن میں ریلی کی صورت میں داخلے کے لئے ایک ہفتہ پہلے اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہے لیکن کسی بھی غیرملکی کے پاس اجازت نامہ نہیں ہے۔
وفا قی وزیرداخلہ رحمان ملک نے امریکی خفیہ ادارے ایف بی آئی کو خط لکھ کرڈاکٹرعافیہ صدیقی کی رہائی کی درخواست کی ہے۔ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کے نام لکھے گئے خط میں رحمان ملک نے کہا ہے کہ وہ امریکی لیگل سسٹم میں مداخلت نہیں چاہتے تاہم انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کی درخواست کرتے ہیں۔وزیرداخلہ کے مطابق ڈاکٹر عافیہ شدید بیمار اور ذہنی توازن کھوچکی ہیں جبکہ ان کی والدہ بھی بیٹی کے غم میں شدید بیمار اور اسپتال میں زیر علاج ہیں۔رحمان ملک کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی سے امریکی حکومت پاکستانی عوام کے دل جیت سکتی ہے۔
کراچی میں مختلف واقعات میں مذہبی جماعت کے کارکن سمیت10افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق سر جانی ٹاو¿ن میں ٹارگٹ کلرز کی فائرنگ سے عباس قادری جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کا ایک مذہبی جماعت سے تعلق تھا۔ گلشن اقبال میں فائرنگ سے ایک نوجوان ہلاک ہو ا۔لیاری اورکورنگی میں فائرنگ سے تین افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ اورنگی ٹاو¿ن کے مختلف علاقوں میں بھی فائرنگ سے 3 افراد جان سے گئے۔ گھاس منڈی ، ماڑی پور،ا ورنگی اور لی مارکیٹ میں فائرنگ کے واقعات میں چھ افراد زخمی بھی ہو ئے۔دوسری جانب لیاری کے علاقے آٹھ چوک کے قریب گینگ وار کے دو گروہوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہواجس سے گینگ وار کا اہم ملزم راشد عرف بنگالی ہلاک ہو گیا۔راشد بنگالی درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلو ب تھااور اس کے سر کی قیمت 5 لاکھ روپے مقرر تھی۔
سری لنکن کپتان مہیلا جے وردنے نے پاکستان کیخلاف سیمی فائنل کی پچ پر اعتراضات کو مسترد کردیا۔مختلف حلقوں کی جانب سے یہ اعتراض سامنے آیا تھا کہ میزبان اسپنرز کو فائدہ دینے کیلیے ٹرننگ وکٹ تیار کی گئی جس پر مقابلہ انتہائی بے لطف رہا، جے وردنے نے اس حوالے سے کہاکہ یہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا ایونٹ ہے، سری لنکن ٹیم یا بورڈ کے بجائے آئی سی سی کا ہی پچز پر کنٹرول ہوتا ہے، ویسے بھی ہم پاکستان جیسی ٹیم کے خلاف ٹرننگ وکٹ کیوں تیار کریں گے۔