PPI News Bulletin 1500 پی پی آئی نیو ز بلیٹن

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے سرائیکی صوبے کے قیام کیلئے جلد ترمیم لانے کا اعلان کردیا۔ ملتان میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہم سرائیکی صوبے کیلئے ترمیم لے کر آئیں گے یہ عوامی مطالبہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ سرائیکی صوبے کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوسکتی۔انھوں نے مزید کہا کہ سرائیکی صوبے پر اتحادی جماعتوں سے مشورہ کریں گے۔انکا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات بروقت کراکے اپنا وعدہ پورا کیا، اب مئی میں اگلا بجٹ بھی پیش کر دیں گے۔خارجہ تعلقات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ امریکا سے تعلقات میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے، ایران سمیت سب سے اپنے مفادات کے مطابق تعلقات بنائیںگے۔انھوں نے کہا کہ ملکی مفادمیں کام کریں گے اور کسی کے دباﺅ میں نہیں آئیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں تو کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوگا۔

سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 53 تھری سے پیپلزپارٹی کی نومنتخب رکن اسمبلی کے تھپڑ کا شکار ہونے والی متاثرہ پریزائیڈنگ افسر حبیبہ میمن نے کہا ہے کہ وحیدہ شاہ اپنے خاندان کے ساتھ میرے گھر معافی مانگنے آئی تھیں جس پر میں نے انہیں معاف کردیا ہے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حبیبہ میمن نے کہا کہ میڈیا نے جو دکھایا وہ سچ تھا میں نے وحیدہ شاہ کو معاف کردیا۔انہوں نے کہا کہ وحیدہ شاہ نے بغیر تصدیق ہم دو پریذائیڈنگ افسروں پر تشدد کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مجھ پر معافی کے لیے کوئی دباو¿ ہے نہ پیشکش کی گئی۔وحیدہ شاہ کو پولنگ ایجنٹوں نے مس گائیڈ کیا۔

امریکا نے خیبرایجنسی میں گزشتہ روز عسکریت پسندوں کیخلاف کارروائی میں پاکستانی فوجیوں کی شہادت اور زخمی ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ کی طرف سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ امریکی حکومت خیبر ایجنسی میں متاثر ہونے والے فوجیوں کے اہلخانہ کے دکھ میں برابر کی شریک ہے، بیان کے مطابق امریکا، شدت پسندی اور عسکریت پسندی کیخلاف انتہائی قربانی دینے والی پاکستانی فورسز کا مکمل احترام کرتا ہے، شدت پسندوں سے پاکستان اور امریکا کو یکساں خطرات کا سامنا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ شدت پسند، بیلٹ سے اثر انداز ہونے کی بجائے گولی کا استعمال کرتے ہیں۔بیان کے مطابق امریکا کے عوام ، شدت پسندی کے خلاف پاکستانیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

ملک میں مہنگائی مزید بڑھ گئی ہے اوررواں ہفتے کے دوران کھانے پینے اور روزمرہ استعمال کی ستائیس بنیادی اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا۔وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق قیمتوں میں اضافے کی اوسط شرح سات اعشاریہ چار چھ فیصد ہو گئی۔سات روز کے دوران دال چنا کی قیمت میں گیارہ فیصد، لہسن اور کیلے کی قیمت میں ساڑھے چھ فیصد ، چینی اور چکن کی قیمت میں چار فیصد تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دال مسور تین فیصد ،، دال مونگ اور کھلا گھی دو فیصد تک مہنگا ہو گیا۔اس دوران تریپن بنیادی اشیاءضرورت میں سے پانچ کی قیمتیں کم ہوئیں اور اکیس کی مستحکم رہیں۔

نوشہرہ میں پولیس اورسکیورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائی میں چار مشتبہ طالبان کمانڈرز کو گرفتار کر لیا گیا۔ کمانڈرز اے این پی جلسے کے دھماکے میں ملوث تھے۔چارسدہ روڈ پر پولیس اور سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران ایک مکان پر چھاپہ مارا اور چار طالبان کمانڈروں کو گرفتار کرلیا اس دوران مزاحمت پر ایک کمانڈر شدید زخمی ہوگیا۔ سکیورٹی فورسز نے گرفتار کمانڈروں کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ سیکورٹی فورسز کے مطابق یہ کمانڈر اے این پی جلسے میں دھماکے کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے اور آج واپس وزیرستان جارہے تھے۔

ایشیاءکپ کیلئے مصباح الحق کی زیرقیادت پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔گیارہ مارچ سے بنگلہ دیش میں شروع ہونیوالے چار ملکی ایونٹ کیلئے چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے قومی ٹیم کا اعلان کیا۔ ٹیم میں اوپنر ناصر جمشید کی واپسی ہوئی ہے، جبکہ شعیب ملک، عدنان اکمل اور عمران فرحت کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں یونس خان، شاہد آفریدی، عمر اکمل، اسد شفیق، عمر گل، حماد اعظم، محمد حفیظ، سرفراز احمد، اعزاز چیمہ، وہاب ریاض، اظہرعلی، عبدالرحمان اور سعید اجمل شامل ہیں، جبکہ احمد شہزاد کو ریزرو کھلاڑی کے طور پر رکھا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *