PPI NEWS Bulletin 1500 پی پی آئی نیو ز بلیٹن

ہیڈلائنز:۔

افغانستان میں ناکامی پر امریکہ پاکستان کو قربانی کا بکرا بنارہا ہے
بلوچستان سے لاپتہ ہونیوالے افراد ہماری تحویل میں نہیں، آئی جی ایف سی
شریف برادران کیخلاف ریفرنس نیب کو بھجوادیا، وفاقی وزیر داخلہ
وفاقی وزیر پانی و بجلی کا بجلی کا شارٹ فال چھ ہزار میگاواٹ ہونیکا اعتراف
رینٹل پاور کیس، سپریم کورٹ میں نظرثانی درخواستیں سماعت کیلئے منظور
اور
دورہ سری لنکا کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے لاہور میں ٹرائل میچز

خبروں کی تفصیل:۔

 امریکہ افغانستان میں ناکامی کے بعد پاکستان کو قربانی کا بکرا بنا رہا رہا ہے۔ یہ بات ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے نے کورکمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل خالد ربانی سے منسو ب کرتے ہو ئے کہی ہے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ امریکہ افغانستان میں موجود شدت پسندوں کے مذاکرات کر سکتا ہے تو پاکستان ایسا کیوں نہیں کر سکتا۔ جنرل ربانی کا کہنا تھا کہ امریکہ اور نیٹو کی جانب سے اس معاملے پر پاکستان کی جانب انگلی کیوں اٹھائی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دہشتگردی کے خلاف جنگ اور شدت پسندی کے خاتمے میں ناکامی کے بعد امریکہ پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اور نیٹو کی جانب سے پاکستان پر بارہا یہ الزام عائد کیا جاتا رہا ہے کہ وہ دہشتگردوں کےخلاف بھرپور کارروائی نہیں کر رہا۔

آئی جی فرنٹیئر کور میجر جنرل نادر زیب نے کہا ہے کہ بلوچستان سے لاپتہ ہونیوالے افراد ہماری تحویل میں نہیں۔ یہ بات انھوں نے قومی سلامتی کمیٹی کو لاپتہ افراد کے حوالے سے دی جانے والی بریفننگ میں کہی۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان میں لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے حکومت کو تجاویز دی ہیں، اب حکومت نے اس حوالے سے فیصلہ کرنا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بلوچستان سے لاپتہ ہونے والے افراد افغانستان جاچکے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ شریف برادران کے خلاف ریفرنس نیب کو بھیج دیا ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کے دوران رحمن ملک نے کہا کہ شریف برادران سرکاری ملازمین کو کام کرنے دیں جلسوں میں لے کر نہ جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لیاری میں امن کےلئے کوششیں کر رہے ہیں،وہاں ٹارگٹڈ آپریشن ختم نہیں ہو گا۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایف سی اور رینجرز لیاری میں امن کےلئے پولیس کی مدد کریں۔

ملک میں بجلی کا بحران چھ ہزار میگاواٹ ہوگیا۔ یہ اعتراف وفاقی وزیر پانی و بجلی سید نوید قمر نے کیا۔ اسلام آباد میں چینی توانائی ماہرین کے وفد سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر پانی و بجلی نے کہا کہ ملک میں توانائی کے بحران کی شدت بڑھ رہی ہے، اگر بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو بحران کی شدت بڑھ جائے گی۔انھوں نے کہا کہ چین ک تعاون سے پاکستان مین توانائی کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے، کوہالہ ہائیڈرو پراجیکٹ سے گیارہ سو میگاواٹ جبکہ نیلم جہلم منصوبے سے 969 میگاواٹ بجلی ملے گی۔ انھون نے کہا کہ چین سے تھرکول اور بھاشا ڈیم سمیت دیگر منصوبوں پر بات چیت جاری ہے۔

سپریم کورٹ نے رینٹل پاور کیس میں اپنے فیصلے پر نظرثانی کی بعض درخواستوں کو سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کردئے ہیں۔رینٹل پاور منصوبوں کو کالعدم قراردیئے جانے پر نظرثانی کیلئے رینٹل کمپنیوں ، نیپرا اور سابق وفاقی وزراءشوکت ترین اور لیاقت جتوئی نے درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی تھیں، چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں عدالتی بینچ نے ان کی سماعت کی، عدالت نے نیپرا کی نظرثانی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہاکہ پہلے والے مقدمہ میں تو نیپرا نے عدالت کو سپورٹ کیا تھا، اب اسے نظرثانی کی ضرورت کیوں پیش آگئی ہے۔عدالت نے لیاقت جتوئی اور شوکت ترین کی درخواستیں بھی نمٹاتے ہوئے کہاکہ فیصلہ میں کسی کا نام نہیں لیا گیا، اگر کسی نے وضاحت کرنی ہے تو تفتیشی ادارے نیب کے پاس جاکر وضاحت کرے، بعد میں عدالت نے دیگر نظرثانی درخواستوں پر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے مزید سماعت 2 ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔

لاہور میں فاسٹ بولرز کے دو روزہ ٹرائل شروع ہو گئے، منتخب بولر دورہ سری لنکا میں اپنے جوہر دکھائیں گے۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فاسٹ باو¿لرز کا تربیتی کیمپ لگانے کی بجائے ٹرائل میچز میں ان کی کاکردگی کو دیکھا گیا۔ پی سی بی نے قومی کرکٹرز پر مشتمل دو ٹیمیں تشکیل دیں۔ پی سی بی بلیو کے کپتان مصباح الحق تھے جبکہ ریڈ کی قیادت محمد حفیظ نے کی۔ ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور نے ٹرائل میں شریک چودہ بہترین بولرز کے ساتھ تمام کھلاڑیوں کی فٹنس کا جائزہ لیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *