PPI NEWS Bulletin1500پی پی آئی نیوز بلیٹن

ہیڈ لائنز:۔

وزیرِاعظم، خیبر پختونخوا کے وزیرِاعلیٰ اور گورنر کو لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے ایک ہفتے کی مہلت۔
قومی اسمبلی میں ڈرون حملوں کو روکنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور۔
حاصل بزنجو کی وزیراعظم سے ملاقات، حکومت سے علیحدگی کی دھمکی۔
آرمی چیف کا لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ۔
اور
عمر گل سری لنکا سیریز کیلئے فٹ قرار۔

.:خبروں کی تفصیل

سپریم کورٹ نے وزیرِاعظم، خیبر پختونخوا کے وزیرِاعلیٰ اور گورنر کو 35 لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی ہے۔ملاکنڈ کے حراستی مرکز سے لاپتہ ہونے والے 35 افراد کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ ملک میں غیر اعلانیہ حراست کا کوئی قانون موجود نہیں ہے اور حکومت جبری گمشدگیاں روکنے سے متعلق قانون سازی کرے۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ لاپتہ افراد کیس سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر عمل نہیں کیا گیا اور 35 میں سے اب تک صرف 7 افراد کو پیش کیا گیا ہے اور بقیہ افراد کی بازیابی سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا جائے۔عدالت نے 35 لاپتہ افراد کو حراست میں رکھنے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بادی النظر میں یہ نتیجہ اخذ کیا جاتا ہے کہ ان افراد کی حراست خفیہ تھی۔عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ ایجنسیوں کے پاس لوگوں کو غیر قانونی طور پر اپنی حراست میں رکھنے کا اختیار نہیں ہے اور صرف پولیس کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ کسی شخص کو شک کی بنیاد پر حراست میں لیں۔عدالت کا یہ بھی کہنا تھا کہ جو ادارے یا سکیورٹی اہلکار ان افراد کو زیرِ حراست رکھنے یا اغوا کرنے میں ملوث ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ ان 35 افراد کو فوج ملاکنڈ کے حراستی مرکز سے لے گئی تھی اور اس کی عدالت میں پیش کیے جانے والے 7 افراد کے لواحقین اور حراستی مرکز کے سپرٹنڈنٹ نے بھی تصدیق کی ہے۔

قومی اسمبلی میں ڈرون حملوں کو روکنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی،قرارداد جماعت اسلامی کی رکن نعیمہ کشور نے پیش کی۔ قومی اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد کے مطابق ڈرون حملے پاکستان کی خود مختاری کے خلاف ہیں، فوری بند کیے جائیں، قرارداد مزید کہا گیا ہے کہ ڈرون حملے نہ صرف پاکستان کی سا لمیت کے خلاف ہیں بلکہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور انسانی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہیں۔

بلوچستان کی حکمران جماعت کے قائمقام صدر سینیٹر حاصل بزنجو کی وزیر اعظم سے غیر رسمی ملاقات،صوبے کے لاپتہ افراد کا معاملے حل نہ ہونے پر حکومت سے علیحدگی کی دھمکی دیدی۔اسلام آباد میں ایشیا پارلیمینٹری اسمبلی سے خطاب کے بعد سینیٹر حاصل بزنجو نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی،اس موقع پر حآصل بزنجو نے وزیر اعظم کے سامنے بلوچستان کے لاپتہ افراد کا معاملہ اٹھایا اور ساتھ ہی یہ بھی کہیہ دیا کہ اگر یہ معاملہ حل نہ ہوا تو ہمارے لئے حکومت میں رہنا مشکل ہو جائے گا۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کے معاملے پر سنجیدگی سے اقدامات کر رہے ہیں،انہوں نے یقین دھانی کرائی کہ اس معاملے پر بات کرنے کے لئے وہ حاصل بزنجو سے تفصیلی ملاقات کریں گے اور لاپتہ افراد کے معاملے پر اقدامات اٹھائیں گے۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے لائن آف کنٹرول پر مختلف پوسٹوں کا دورہ کیا اور فوجی افسروں اور جوانوں سے ملاقاتیں کیں۔عسکری ذرائع کے مطابق آرمی چیف کو ایل او سی کی صورتحال کے حوالے سے بریفینگ دی گئی،آرمی چیف نے جوانوں کے جذبے کو سراہا۔

پی ی سی بی کے میڈیکل پینل نے بولر عمر گل کو فٹ قرار دے دیا ہے جنہیں سری لنکا کے خلاف سیریز کیلئے ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔عمر گل کی فٹنس جانچے کیلئے گذشتہ روز پی سی بی میڈیکل پینل نے مختلف ٹیسٹ لئے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہونے والے سیشن میں عمر گل سے بالنگ کروانے کے علاوہ ان کے مختلف فزیکل ٹیسٹ بھی لئے گئے۔ذرائع کے مطابق میڈیکل پینل نے عمرگل کی فٹنس کی رپورٹ پی سی بی کے حوالے کر دی ہے،اب سلیکشن کمیٹی سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز کیلئے انہیں ٹیم میں شامل کر نے یا نہ کر نے کا فیصلہ کرے گی۔