تحریک انصاف کا نیٹو سپلائی کیخلاف 16ویں روز بھی دھرنا
ڈیرہ غازی خان کینال میں ڈوبنے والے 8 افراد کی تلاش جاری
امریکامیں برف کا شدید طوفان، 2 ہزار پروازیں منسوخ
زیادہ وزنی بچوں کو کھیل کود کے دوران احتیاط کرنی چاہئے، طبی ماہرین
اور
بالائی علاقوں اورکشمیرمیں بارش اور برف باری کا امکان
خبروں کی تفصیل:۔
نیٹو سپلائی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کا دھرنا آج 16 ویں روز بھی حیات آباد پشاور میں جاری ہے۔ حیات آباد ٹول پلازے پر پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کی جانب سے نیٹو سپلائی کے خلاف دھرنا جاری ہے۔احتجاجی کیمپ میں کارکن پہنچ رہے ہیں۔کارکنوں کا موقف ہے کہ جب تک ڈرون حملے بند نہیں ہوتے ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔نیٹو سپلائی کسی صورت میں بھی نہیں گزرنے دینگے۔
ڈیرہ غازی خان کینال میں ڈوبنے والے8 افراد کیلئے ریسکیو آپریشن دوبارہ سے شروع کردیا گیا ہے۔ گزشتہ روز موٹر سائیکل رکشے میں سوار 12 افراد ڈوب گئے تھے جن میں سے چار کو بچالیا گیا تھا۔ڈی جی خان کے علاقے بستی شاہلی کے رہائشی ایک ہی خاندان کے 12 افراد پل سے رکشا ڈی جی کینال میں گرنے سے ڈوب گئے تھے۔ ڈوبنے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل تھیں۔ ریسکیو ٹیم نے چار افراد کو بچالیا تھامگر سات گھنٹے کے ریسکیو آپریشن کے باوجود دیگر 8 افراد کو نہیں نکالا جاسکا تھا۔ رات کو اندھیرے کی وجہ سے سرچ آپریشن روک دیا گیاتھا جو آج دوبارہ شروع کردیا گیا ہے۔
امریکا کی کئی ریاستوں میں برف کے شدید طوفان نے معمولات زندگی منجمد کردیئے ہیں۔ درجہ حرارت منفی 42 سینٹی گریڈ تک جاپہنچا۔ تقریباً 2 ہزار پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں۔امریکی عوام ان دنوں انتہائی سخت موسم کی لپیٹ میں ہیں۔ ریاست ٹیکساس اور آرکنساس میں ہزاروں افراد بجلی سے محرومی کے عالم میں سرد موسم کی سختیاں جھیلنے پر مجبور ہیں۔ریاست مونٹانا میں درجہ حرارت منفی 42 سینٹی گریڈ تک گر گیا۔برف کے طوفان کی وجہ سے تقریباً دو ہزار پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں اور ہزاروں مسافر ایئرپورٹ پر پھنسے رہے۔سڑکوں پر برف کی وجہ سے کئی حادثات بھی ہوئے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جن بچوں کا وزن ان کی عمر کے حساب سے زیادہ ہے، کھیل کود کے دوران ان بچوں کے زخمی ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ماہرین کہتے ہیں زیادہ وزن والے بچوں کو زیادہ احتیاط کرنی چاہئے۔ خاص طور پر کھیل کود اور بھاگ دوڑ کے وقت ایسے بچوں کو چوٹ لگنے اور زخمی ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق زیادہ وزن والے بچوں کو وزن میں کمی کے لئے روزانہ ورزش اور چہل
قدمی کرنی چاہئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آیندہ 24 گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ ، ہزارہ ڈویڑن ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔ پہاڑوں پر برف باری کا بھی امکان ہے۔ہفتے کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہا ، تاہم چند ایک مقامات پر ہلکی بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش پٹن میں 4 ملی میٹر رکارڈ کی گئی۔سب سے کم درجہ حرارت پاراچنار میں منفی 4 سینٹی گریڈ ، گوپس میں منفی 3، اسکردو میں منفی 2 اور قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1 سینٹی گریڈ رکارڈ گیا گیا۔