PPI NEWS Bulletin 1100 پی پی آئی نیوز بلیٹں

ہیڈ لائنز:۔

نیٹو کمانڈر اور جنرل کیانی کی ملاقات میں مثبت پیشرفت ہوئی، غیر ملکی خبررساں ادارے کا دعویٰ
توہین عدالت کیس، وزیراعظم کی جانب سے 23 مئی تک اپیل دائر کئے جانیکا امکان
سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کیلئے قومی مالیاتی کمیشن کا اجلاس کل طلب
مہنگائی کی شرح میں تقریباً نو فیصد اضافہ
اور
آسٹریلیا سے سیریز کرانے سے سری لنکن انکار، پی سی بی کی نئی مقامات کی تلاش

 

خبروں کی تفصیل:۔

ایساف کے سربراہ جنرل جان ایلن اورآرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی ملاقات میں امریکا اورپاکستان کے درمیان تعلقات میں پیش رفت ہوئی ہے۔ یہ دعویٰ امریکی خبر رساں ادارے نے اپنی ایک رپورٹ میں کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس ہفتے دونوں ممالک کے سینئر حکام کے درمیان ملاقاتوں کے بعد گزشتہ روز ایساف اورپاک فوج کے سربراہان کی ملاقات ہوئی ہے۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ پاکستان میں آئندہ ہفتے اعلیٰ سطح کے دواجلاس ہوں گے۔جن میں نیٹوسپلائی کی بحالی کے معاملے پرتبادلہ خیال کیاجائے گا۔کابینہ کی دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف اور آئی ایس آئی کے سربراہ بھی شریک ہوں گے۔

پیپلزپارٹی کے رہنماءاور توہین عدالت کیس میں وزیراعظم کے وکیل اعتزازاحسن نے کہا ہے کہ ہم عدالت کے روبرو 23 مئی تک اپیل دائر کر دیں گے۔ایک انٹرویو کے دوران اعتزاز احسن نے کہا کہ اپیل کا مرکزی نقطہ عدالت کی طرف سے قائم مفروضات پر ہو گا، اسی طرح ان جزئیات پر بھی توجہ رہے گی جن کی بنیاد توہین عدالت کیس بنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپیل میں فیصلے کے ساتھ شاعری پر بھی اعتراضات اٹھائے جائیں گے جو فوجداری مقدمات میں مناسب نہیں ہوتی ہے۔

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا جائزہ لینے کے لئے قومی مالیاتی کمیشن کا اجلاس کل طلب کرلیا گیا۔اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے خزانہ شرکت کریں گے۔ اجلاس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے لئے تین آپشنز پر غور کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پہلا آپشن پچیس، دوسرا تیس اور تیسرا پینتیس فیصد اضافے کا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ 2010اور 2011 کا ایڈ ہاک ریلیف بنیادی تنخواہ میں ضم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔واضح رہے کہ 2010میں 50 فیصد اور 2011 میں 15 فیصد ایڈ ہاک ریلیف دیا گیا تھا۔

ملک بھر میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ جاری ہے اور رواں ہفتے کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 8.97 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 23 کی قیمتوں میں استحکام اور آٹھ کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔

پاکستان نے آسٹریلیا سے سیریز کیلئے ہنگامی طور پر نئے مقام کی تلاش شروع کردی۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان رواں سال اگست میں شیڈول سیریز کی میزبانی سے اچانک ہاتھ کھینچ کر پی سی بی کو نئی مشکل میں ڈال دیا ہے۔اس حوالے سے پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کا کہنا ہے کہ شروع میں سری لنکا نے خود ہی آسٹریلیا سے ہماری ہوم سیریز کی میزبانی میں دلچسپی ظاہر کی تھی، مگر اس کے انکار کے باعث ہمیں نئے مقام کو تلاش کرنا پڑے گا۔ انھوں نے کہاکہ سری لنکا کے انکار پر ہمیں مایوسی ہوئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *