PPI NEWS Bulletin 1100 پی پی آئی نیوز بلیٹن

ہیڈلائنز:۔

سپریم کورٹ میں صدرزرداری کے آئینی استثنیٰ کیخلاف درخواست دائر
مسلم لیگ ق کے وزراءکو آج وفاقی کابینہ میں شامل کئے جانیکا امکان
کراچی میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں آج مزید تین افراد جاں بحق
شام کی جانب سے ترک طیارہ گرانے پر نیٹو اجلاس طلب
اور
سعودی عرب کا پہلی بار اولمپکس مقابلوں میں خواتین کو شرکت کی اجازت دینے فیصلہ
Forex Rates

خبروں کی تفصیل:۔

سپریم کورٹ میں صدر آصف علی زرداری کے آئینی استثنٰی کیخلاف درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست میں صدر کے دو عہدوں کو بھی چیلنج کیا گیا ہے۔درخواست محمود اختر نقوی کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 248 کے تحت صدر نے جو استثنٰی حاصل کیا ہوا ہے وہ بدنیتی کے زمرے میں آتا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 43 کے تحت صدر دو عہدے بھی نہیں رکھ سکتے۔ صدر نے دو عہدے رکھ کر آئین کی خلاف ورزری کی ہے۔ صدر مملکت کو اقتدار سے بدنیتی کرنے پر عہدے سے ہٹایا جائے۔

مسلم لیگ ق کے دس وزراءکاآج حلف اٹھانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ میں ق لیگ کے چار وفاقی وزرا اور چھ وزرائے مملکت شامل ہوں گے۔وفاقی وزرا میں جام یوسف، طالب نکئی اور شیخ وقاص سمیت دیگر شامل ہوں گے۔ذرائع کے مطابق فیصل صالح حیات اور رضاحیات ہراج نے حلف اٹھانے سے انکارکیاہے۔ جس کے بعد جام محمد یوسف اور طالب نکئی کو وفاقی کابینہ میںشامل کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں آج بھی فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں تین افراد ہلاک اور دوزخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق کیماڑی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے حسین نامی شخص کو ہلاک کر دیا۔اسی طرح بلدیہ کے علاقے سوار کالونی میں بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا جس کی شناخت نہیں ہو سکی۔سعید آباد کے علاقے 24نمبر مارکیٹ کے قریب ایک شخص کی لاش ملی ہے۔دوسری جانب لیاری میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

شام کی جانب سے جنگی طیارہ مار گرانے پر نیٹو کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔ یہ اجلاس ترکی کی درخواست پر طلب کیا گیا ہے جو رواں ہفتے منعقد ہوگا، جس میں شام کی جانب سے ترکی کے ایک جنگی طیارے کو مار گرائے جانے کے واقعے پر کسی جوابی ردعمل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ترکی کا اصرار ہے کہ یہ لڑاکا طیارہ ا±س وقت بین الاقوامی پانیوں کے اوپر پرواز کر رہا تھا، جب اِسے مار گرایا گیا۔دوسری جانب شام میں باغیوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں درجنوں ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔

سعودی عرب نے پہلی مرتبہ خواتین کو اولمپکس کھیلوں میں حصہ لینے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی اولمپک کمیٹی اولپمکس گیمز کے لیے کوالیفائی کرنے والی خواتین کی نگرانی کرے گی۔خیال رہے کہ اس سے پہلے سعودی عرب نے اولمپکس کے لیے اپنے قومی دستے میں خواتین کو شامل کرنے سے انکار کیا تھا۔سعودی حکام کے مطابق چونکہ اولمپکس گیمز منعقد ہونے میں چند ہفتے ہی باقی رہ گئے ہیں اس لیے صرف ایک خاتون ہی اولمپکس کیلئے ملکی دستے میں شامل ہوسکے گی۔

اوپن کرنسی مارکیٹ میں آج پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر اور دیگر اہم کرنسیوں کی قدر میں اضافے سے دن کا آغاز ہوا۔ فاریکس مارکیٹ ذرائع کے مطابق دن کے آغاز پر امریکی ڈا لر کی قیمت خرید95روپے60پیسے جبکہ قیمت فروخت96رو پے10 پیسے ریکارڈ کی گئی۔ دیگر کرنسیوں کے ریٹس کچھ اسطرح ہیں۔ برطانوی پاﺅنڈ قیمت خرید149روپے، قیمت فروخت150روپے 70 پیسے، یوروقیمت خرید119روپے80 پیسے،قیمت فروخت121روپے50 پیسے، سعودی ریال قیمت خرید 25روپے30پیسے، قیمت فروخت25روپے55پیسے، جبکہ جاپانی ین کی قیمت خریدایک روپیہ18پیسے اور قیمت فروخت ایک روپیہ21 پیسے ریکارڈ کی گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *