PPI News Bulletin 1100 پی پی آ ئی نیو ز بلیٹن

سپریم کورٹ آف پاکستان نے اصغر خان کیس ری اوپن کرنے کی ہدایت کردی۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ آئی ایس آئی کی جانب سے سیاستدانوں کو پیسے دینے کے الزامات سے متعلق سولہ سال سے زیرسماعت کیس کی سماعت کر رہا ہے۔سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اسد درانی نے 1994ءمیں رقم دینے کا بیان حلفی دیا تھا، اس لئے ان کی موجودگی ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس کیس کا اب پورا انحصار اسد درانی کے بیان حلفی پر ہے۔انھوں نے کہا کہ مہران بینک کے سربراہ یونس حبیب کی جانب سے بھی کوئی پیش نہیں ہوا۔عدالت میں سماعت جاری ہے اور اصغر خان کے وکیل سلمان راجہ ابتدائی دلائل دے رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آج سے ملک بھر میں 8 کروڑ 50 لاکھ ووٹرز کے لئے دنیا کی سب سے بڑی ایس ایم ایس سروس شروع کر دی ہے۔ ووٹر کی شناخت کو صیغہ راز میں رکھنے کیلئے ایس ایم ایس میں نام، ولدیت اور پتے کو ظاہر نہیں کیا جائے گا۔ یہ نظام الیکشن کمیشن نے نادرا اور موبائل فون کمپنیوں کے ذریعے وضع کیا۔ ووٹرز ایس ایم ایس کے ذریعے اپنا شناختی کارڈ نمبر8300 پر بھیج کر اپنے ووٹ سے متعلق معلومات حاصل کرسکیں گے جس کے لئے چارجز دو روپے مقرر کئے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق نئی انتخابی فہرستیں بھی آج سے ملک بھر میں قائم 55 ہزار ڈسپلے سینٹرز پر آویزاں کردی گئی ہیں۔ ڈسپلے سینٹرز کی تفصیلات الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر دیکھی جاسکتی ہیں، ڈسپلے سینٹرز پر ووٹرز اپنے ووٹ کی درستگی بھی کراسکیں گے انتخابی فہرستیں تین ہفتے آویزاں رہیں گی جس کے بعد ان کی حتمی اشاعت کی جائے گی۔

ضلع کوہستان میں شاہراہ قراقرم پر دہشت گردوں کے ہاتھوں قتل ہونے والے اٹھارہ افراد کی نماز جنازہ آج گلگت میں ادا کی جائے گی، اس موقع پر پورے علاقے میں سوگ کا عالم ہے۔ضلع کوہستان کے علاقے ہربن نالہ کے قریب دہشت گردوں نے گزشتہ روز چار بسوں سے 18 نوجوانوں کو اتارا اور ان کو قطار میں کھڑا کرکے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ فائرنگ کی زد میں آنے والے تمام مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

گھی ملوں کی ہڑتال کے باعث 12ویں روز بھی مارکیٹوں میں گھی اور کوکنگ آئل کی سپلائی بند ہے، جس کے باعث ملکی تھوک مارکیٹوں میں گھی اور کوکنگ آئل کا سٹاک تقریباً ختم ہو گیا ہے، تاہم جن تاجروں کے پاس گھی موجود تھا انہوں نے 16 کلو کے کنستر کی قیمت میں مزید 25 روپے اضافہ کر دیا جس سے اس کا ریٹ 2650 روپے سے بڑھ کر 2675 روپے پر پہنچ گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ممکنہ چیف کوچ ڈیو واٹمور کل پاکستان پہنچ رہے ہیں۔سابق آسٹریلیوی کرکٹر اپنے دورے کے دوران پی سی بی کے ساتھ کوچنگ کے معاہدے پر دستخط کریں گے۔واٹمور بنگلہ دیش میں شیڈول ایشیاءکپ کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، وہ چیف کوچ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ کوچ کی بھی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

اوپن کرنسی مارکیٹ میںآج پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالراور دیگر اہم کرنسیوںکی قدر میں کمی سے دن کا آغاز ہوا۔فاریکس مارکیٹ ذرائع کے مطابق دن کے آغاز پر امریکی ڈالر کی قیمت خرید 90 روپے90پیسے جبکہ قیمت فروخت91روپے20پیسے ریکارڈ کی گئی۔دیگر کرنسیوں کے ریٹس اسطرح ہیں۔ برطانوی پاﺅنڈقیمت خرید143روپے50پیسے،قیمت فروخت144روپے70 پیسے، یورو قیمت خرید119روپے80پیسے، قیمت فروخت121روپے،سعودی ریال قیمت خرید 24 روپے20پیسے،قیمت فروخت 24 روپے40پیسے جبکہ جاپانی ین کی قیمت خرےد ایک روپےہ13پیسے، اور قیمت فروخت ایک روپیہ14پیسے ریکارڈ کی گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *