عمران خان کی پاک بھارت امن کیلیے مشترکہ ایٹمی پلانٹ کی تجویز
ایران سے معاہدے کے بعدامریکی وزیر دفاع عرب ممالک کے دورے پر
سونا 100روپے کمی کے بعد فی تولہ51ہزار100 روپے
مقامی گاڑیوں کی فروخت میں کمی
اور
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان۔
خبروں کی تفصیل:۔
تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھارت اور پاکستان کے درمیان امن کے لیے سرحد پر سول ایٹمی پلانٹ لگانے کی منفرد تجویز پیش کی ہے۔ عمران خان نے نئی دہلی میں تقریب کے دوران پاک بھارت مشترکہ ایٹمی پلانٹ کا خیال پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سول ایٹمی پلانٹ سے پاکستان اور بھارت دونوں کو توانائی فراہم کی جانی چاہئے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو جنگ کو مسائل کا حل نہ سمجھے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہئے۔
امریکی وزیر دفاع چک ہیگل ایران کے ساتھ چھ بڑی طاقتوں کے ابتدائی جوہری معاہدے کے بعدعرب ممالک کے دورے پہ ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں سکیورٹی کانفرنس میں شرکت کر کے امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے اپنے عرب دوستوں کو اطمینان دلایا کہ امریکا اپنے دوستوں کے شانہ بشانہ خطے میں پوری طاقت کے ساتھ موجود رہے گا، نیز امریکا کا اس خطے میں اپنی فورسز اور اسلحے کی موجودگی میں کمی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ چک ہیگل متحدہ عرب امارات کے بعد اب سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ وہ اپنے حالیہ دورہ مشرقِ وسطیٰ میں مصر کے دفاعی ذمہ داران سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
کراچی میں سونے کی فی تولہ قیمت 100روپے کمی کے بعد 51ہزار100 روپے ہوگئی۔ آل سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق 10گرام سونے کی قیمت میں 85روپے کمی ہوگئی جس کے بعد 10گرام سونے کی قیمت 43ہزار 800روپے ہوگئی۔
مہنگائی نے گاڑیوں کی فروخت کو بھی ریورس گیئر لگا دیا، جنوری تا اکتوبر مقامی گاڑیوں کی فروخت میں 4 فیصد گراوٹ دیکھی گئی اور ان کی تعداد ایک لاکھ سے بھی کم رہ گئی۔پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹیو پارٹس کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال96ہزار 796گاڑیاں فروخت ہوئیں۔ جبکہ گزشتہ سال ان کی تعداد ایک لاکھ سے زائد تھی۔انڈسٹری ماہرین کے مطابق پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ حکومت کی جانب سے نئے ٹیکسوں کے نفاذ سے سیلز میں کمی دیکھی گئی۔اس کے علاوہ پرانی امپورٹڈ گاڑیوں کی عمر کی حد5کے بجائے 3 سال کرنے کے باوجود خریدار درآمدی ڈیوٹی کم ہونے کی وجہ سے مقامی تیار کردہ نئی گاڑیوں کے بجائے درآمدی گاڑیوں کوہی ترجیح دے رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی کی ہے، تاہم بالائی علاقوں میں چند ایک مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ ملک کے چند شہروں میںآج درجہ حرارت کچھ اسطرح رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد23 اور06، لاہور24 اور09 ، کراچی29 اور14، پشاور22 اور10، کوئٹہ20 اور00، مظفرآباد17 اور08، فیصل آباد25 اور08، ملتان26 اور 10جبکہ ڈیرہ اسمعیل خان میں زیادہ سے زیادہ 23 اور کم سے کم 10 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔