خیبرپختونخوا، پی کے۔67 ڈی آئی خان میں آج ضمنی انتخاب
آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا سلیمانکی سیکٹر کا دورہ
نیٹو سپلائی بندش، قائمہ کمیٹی نے سرتاج عزیز کو طلب کرلیا
کراچی، ٹارگٹڈ آپریشن میں 19 ملزم گرفتار، اسلحہ برآمد
اور
سندھ وپنجاب میں دھند کا راج
خبروں کی تفصیل:۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے۔67 ڈیرہ اسماعیل خان پر ضمنی انتخابات آج ہو رہے ہیں۔ اس حلقے میں 6امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا سونو خان بلوچ کے مطابق پی کے 67 ڈی آئی خان کے ضمنی انتخابات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ صبح 8بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہے گی۔ اس مقصد کے لیے91 پولنگ اسٹیشن اور 233 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ جن میں 36 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس اور 55 حساس قرار دیے گئے ہیں۔ پولنگ اسٹیشنوں پر پولیس کے ساتھ فوج کے اہلکار بھی تعینات ہیں۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج نے مادروطن کی حفاظت اور استحکام کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔ ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے جوانوں اور افسروں کا کردار قابل ستائش ہے۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سلیمانکی سیکٹر کا دورہ کیا اور پاک فوج کے شہدا اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ کورکمانڈر لاہور لیفٹننٹ جنرل نوید زمان نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ آرمی چیف نے جوانوں اور افسروں سے ملاقات کی اور ان کی آپریشنل تیاریوں اور بلند مورال کو خراج تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف نے ماضی کی جنگوں میں حصہ لینے والے فوجیوں سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کے بلند حوصلوں کی بھی تعریف بھی کی۔
امریکا و بھارت سے تعلقات، نیٹوسپلائی اوروزارت خارجہ کے معاملات پرقائمہ کمیٹی برائے امورخارجہ نے مشیرخارجہ سرتاج عزیزاورسیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کوبدھ کوطلب کرلیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق قائمہ کمیٹی نے مشیرخارجہ اورسیکریٹری کو امریکا اوربھارت سے تعلقات، نیٹوسپلائی اور وزارت خارجہ کے معاملات پر بریفنگ کیلیے بلایاہے۔ اویس لغاری کی سربراہی میں خارجہ امورکمیٹی کا یہ پہلا اجلاس ہوگا۔ ادھر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی وترقیات 18 دسمبر کو 2013-14 کے ترقیاتی پروگرام کاجائزہ لے گی۔
کراچی میں رینجرز نے ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران انیس ملزموں کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ ریڈ بک میں شامل دہشت گرد عدنان عرف ابوحمزہ بھی پکڑا گیا۔ فائرنگ کے واقعات میں چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ جرائم پیشہ افراد کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے۔ رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹارگٹڈ کارروائیاں کورنگی، شاہ فیصل کالونی اور دیگر علاقوں میں چھاپوں کے دوران انیس ملزموں گرفتار کیاگیا۔ ان سے مختلف اقسام کا اسلحہ برآمد کر لیا جبکہ سی آئی ڈی نے کیماڑی ویسٹ وہارف میں کارروائی کرتے ہوئے ریڈ بک میں شامل دہشت گرد عدنان عرف ابوحمزہ کو گرفتار کر لیا۔ ملزم سے دو دستی بم، پستول اور سو سے زائد گولیاں برآمد ہوئیں۔
آج صبح کے وقت سندھ، پنجاب کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ گزشتہ روز اسکردو ملک کا سرد ترین علاقہ تھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں میں مطلع ابر آلود اور موسم شدید سرد رہے گا۔ پنجاب کے میدانی علاقوں ملتان، گوجرانوالہ، فیصل آبا د اورلاہورمیں صبح کے وقت دھند چھائی رہی۔ گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ سردی اسکردو میں پڑی جہاں کم درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ استور، پارا چنار اور کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔