طیارہ حادثہ تحقیقات ،وزیراعظم کی ہدایت پر جوڈیشل کمیشن تشکیل
بھوجا ایئر کے بد قسمت طیارے کا وائس ریکارڈر مل گیا
طیا رہ حا دثہ،سندھ حکومت کا لواحقین کو معاوضہ دینے کافیصلہ
پشاور میں نامعلو م افراد کی کار پر فائرنگ ،4 افراد جاں بحق
اور
سندھ بھر میں ڈپٹی کمشنروں کو اسلحہ لائسنس جاری کرنیکا اختیار دیدیا گیا
خبروں کی تفصیل:۔
وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی ہدایت پر بھوجا طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لئے عدالتی کمیشن تشکیل دے دیا گیا ہے.وفا قی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق عدالتی کمیشن میں جسٹس ریٹائرڈزاہد حسین سربراہ ، جسٹس ریٹائرڈ نسیم سکندر رکن اور ڈاکٹر وسیم کوثر سیکریٹری ہوں گے ۔واضح رہے کہ جمعہ کے روز کراچی سے اسلام آباد جانے والے بھوجا ایئر لائن کا طیارہ خراب موسم کے باعث بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے چند کلو میٹر دور گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں عملے کے ارکان سمیت 127 افراد سوار تھے جن میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچ سکا تھا۔
بھوجا ایئر کے بد قسمت طیارے کا وائس ریکارڈر مل گیا۔ڈائریکٹر سی ڈی اے برائے ایمر جنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ آصف مجید نے وائس ریکارڈ ملنے کی تصدیق کرتے ہو ئے کہا ہے کہ بھوجا ایئر کے بد قسمت طیارے کا وائس ریکارڈر مل گیا ہے جس کی اطلاع متعلقہ حکام کو دی جا چکی ہے،ان کا کہنا تھا کہ وائس ریکا ڈرآج چیئر مین کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی متعلقہ حکام کے حوالے کر دیں گے۔دوسری جانب طیارہ حادثے میں جاں بحق مزید 11 افراد کی میتیں کراچی پہنچادی گئیں،جبکہ اس سے قبل دو مختلف پروازوں سے23 افراد کی میتیں کراچی لائی گئی تھیں جن میں بیشتر کی تدفین کردی گئی ہے۔
حکومت سندھ نے طیا رہ حا دثے میں جاں بحق افراد کے لو احقین کو معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو ایک سے تین لاکھ روپے تک دینے پر غو ر کیا جا رہا ہے ۔اس حوالے سے وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ کی جانب سے آ ج پر یس کا نفر نس میں معاوضے کا اعلان متو قع ہے ۔
پشاور میںنامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو بھائیوں سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے۔تفصیلا ت کے مطابق کوہاٹ روڈ پر متنی ادیزئی کے مقام پر نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کردی ،جس کے باعث کار میں سوار چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ ڈی ایس پی متنی کے مطابق مقتولین ایئر پورٹ پشاور سے ادیزئی آرہے تھے کہ نامعلوم افراد نے کار پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔پولیس نے علاقے کا محاصرہ کر کے ملزمان کی تلا ش شروع کر دی۔
سندھ بھر میں ڈپٹی کمشنروں کو اسلحہ لائسنس جاری کرنے کا اختیار دے دیا گیا. محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق سندھ کے تمام ڈپٹی کمشنروں کو اسلحہ لائسنس جاری کرنے کا اختیار دے دیا گیا ہے. تمام ڈپٹی کمشنرز یکم مئی سے اسلحہ لائسنس جاری کرسکیں گے. محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق ڈپٹی کمشنرز کو ہر ماہ 75 اسلحہ لائسنس جاری کرنے کا اختیار ہوگا