پاکستان بھر میں جہاں ملازمت پیشہ خواتین کی تعددا میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ، وہیں ایسی بھی خواتین ہیں جو مختلف نوعیت کے کاروبار سے منسلک ہو کرمعاشی ترقی کی جانب کامیاب سفر کا آغاز کر رہی ہیں۔اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ایک ایسا ادارہ ہے جو کاروبار سے منسلک خواتین کی معاونت کر رہا ہے،اس سلسلے میں ادارے کی جانب سے ٹریننگ سیشنز، ورکشاپس اورتربیتی پروگرامزکا انعقاد کیا جاتا ہے، تاکہ بزنس سے منسلک یا کاروبار کا رجحان رکھنے والی خواتین اس شعبے میں درپیش چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے کامیابی سے اپنے کاروبار کا آغاز کر سکیں ۔
اس سلسلے میں اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر ثمینہ فضل کا کہنا ہے :
پاکستان بھر میں خواتین کی بڑی تعداد ٹیکسٹائل انڈسٹری سے لے کر جیولری میکنگ اور بیوٹی پارلرز سے لے کر گھریلو پیمانے پر مختلف قسم کے کاروبار سے منسلک ہے۔
اس حوالے سے گزشتہ کچھ سالوں میں خواتین کی جانب سے مقامی اور بین الاقوامی سطح پربزنس کا مثبت رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سمیت ملک بھر میں ایسے کئی ادارے ہیں جو اپنی مدد آپ کے تحت خدمات انجام دے رہے ہیں ، ضرورت اس بات کی ہے کہ حکو مت کی جانب سے اِن اداروں کی سرپرستی کرنے کے ساتھ ساتھ بزنس ویمن کیلئے مخصوص کوٹے کو بھی مثبت اقدامات کیلئے استعمال میں لایا جائے۔
اس سلسلے میں میڈیا کی جانب سے بزنس ویمن کی معاونت اور کاروباری رجحان رکھنے والی خواتین کی حوصلہ افزائی کیلئے Awareness Campaighnاور خصوصی پروگرامز کے انعقاد کی ضرورت ہے تاکہ ہر طبقے سے تعلق رکھنے والی خواتین اپنی اور اپنے خاندان کی معاشی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی اقتصادی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کر سکیں۔
