PPI NEWS Bulletin 1800 پی پی آئی نیوز بلییٹن

ہیڈلائنز:۔

ارسا نے سندھ وپنجاب کے پانی میں 31فیصد کٹوتی کردی، بجلی بحران مزید بڑھنے کا خدشہ
بجلی سے محروم افراد مشتعل، پنجاب بھر میں احتجاج اور لوٹ مار،2افرادجاں بحق
بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے پیپکو کو آٹھ ارب روپے مل گئے
وزیراعظم کی ریاض میں سعودی فرمانروا سے ملاقات
اے این پی نے کراچی میں قیام امن کے لیے فوج کی مددکو ناگزیرقراردیدیا
اور
سونے کی فی تولہ قیمت میں300روپے کی کمی

خبروں کی تفصیل:۔

ارسا کی جانب سے صوبوں کے پانی میں 31فیصد تک کٹوتی کردی گئی۔ پانی کا بہاﺅ کم ہونے کے باعث ملک میں جاری بجلی کے بحران میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ۔ ملک کے دو بڑے ڈیموں تربیلا اور چشمہ میں پانی کی سطح ڈیڈی لیول کے قریب پہنچنے کے بعدانڈس ریور سسٹم اتھارٹی نے سندھ اور پنجاب کے پانی میں کٹوتی کردی ہے۔ ارسا کے فیصلے کے تحت سندھ کو 1لاکھ 25ہزار کیوسک کے بجائے 1لاکھ 5ہزار جبکہ پنجاب کو ایک لاکھ 10ہزار کیوسک کی جگہ 87ہزار کیوسک پانی فراہم کیا جارہا ہے ۔ ڈیموں سے پانی کے اخراج میں کمی کے باعث بجلی کی پیداوار بھی متاثر ہورہی ہے جس کے بعدملک بھر میں جاری بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔حکومتی ذرائع کاکہنا ہے کہ ڈیموں سے پانی کے بہاﺅ میں کمی سے پیداہونے والی بجلی کی کمی کو گیس اور فرنس آئل سے پورا کرنے کی کوشش کی جائیگی ۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف پرتشدد احتجاجی مظاہروں میں شدت آگئی ہے۔ لاہور،فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، خانیوال، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، سرگودھا،ساہیوال اور پاک پتن سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے جارہے ہیں، جبکہ کئی مقامات پر ہڑتال بھی کی جارہی ہے۔مظاہرین نے بجلی کی ترسیل کے دفاتر اور نجی املاک کو نقصان پہنچایا، جبکہ خانیوال میں وزیراعظم کے مشیراحمد یار ہراج کے گھر کے باہر دھرنا دینے والے مظاہرین پر گارڈز کی فائرنگ سے 2 شخص جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔شدید گرمی میں بجلی سے محروم مظاہرین کا ہجوم مختلف شہروں میں نجی اور سرکاری املاک میں توڑ پھوڑ کر رہا ہے، جبکہ بینکوں، دکانوں اور دیگر املاک میں لوٹ مار بھی کی جارہی ہے۔ادھر وزیراعظم گیلانی نے ملک میں طویل لوڈشینڈنگ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے منگل توانائی کانفرنس طلب کی ہے۔دوسری جانب لوڈشیڈنگ کیخلاف اسلام آباد کے تاجروں نے بدھ کو ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزارت خزانہ نے توانائی بحران کے حل کیلئے پیپکو کو آٹھ ارب روپے جاری کردیئے، یہ رقم ملک میں لوڈ شیڈنگ کی بنا پر جاری ہنگاموں کے بعد ہنگامی طور پر جاری کی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے یہ رقم گزشتہ ماہ ادا کی جانی تھی۔ادھر وزیر پانی و بجلی احمد مختار نے دعویٰ کیا ہے کہ شام تک صورتحال بہتر ہو جائے گی۔وزیر پانی و بجلی احمد مختار نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ آٹھ سو میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی جا چکی ہے جس سے شام تک صورتحال بہتر ہو جائے گی۔

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے سعودی عرب کے فرمانروا اورخادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز سے ملاقات کی ہے۔ریاض میں ہونیوالی ملاقات کے دوران سعودی فرمانروا نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ایک ہیں اور دونوں ممالک بھائیوں سے زیادہ قریب ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی سعودی عرب جبکہ سعودی عرب کی سلامتی ہماری سلامتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان آزمودہ اور بے مثال تعلقات دوستی کی بہترین مثال ہیں۔

وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ کراچی میں قیام امن کے لیے فوج کی مدد ناگزیر ہوگئی ہے۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو میںمیاں افتخار حسین کا کہنا تھاکہ مالاکنڈ ڈویژن کی طرح کراچی میں بھی قیام امن کے لیے فوج کی مدد لینی چاہیے ،جبکہ کراچی کو اسلحہ سے پاک کرنے کے لیے حکومت کو ہر طرح کا یقین دلاتے ہیں۔ میاں افتخا رحسین کا کہناتھا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما لیاقت بنگش کو باندھ کر زہر کے انجکشن لگا کر قتل کیا گیا،جو قابل مذمت ہے۔

سونے کی فی تولہ قیمت میں300روپے کمی ہوگئی ہے ۔سندھ صرافہ ایسو سی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 300روپے کمی کے بعد 57ہزار800روپے ہوگئی ہے ،جبکہ دس گرام سونے کی قیمت257روپے کمی کے بعد 49ہزار542روپے ہوگئی ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *