PPI NEWS Bulletin 1800 پی پی آئی نیوز بلیٹن

ہیڈ لائنز:۔

نواز شریف نے کا رکنوں کو لانگ مارچ کی تیاریاں کرنے کی ہدایت کر دی
نیٹو سپلائی کھولنے کے لیے مذاکرات مثبت سمت میں جاری ہیں،وزیر اعظم
لوڈ شیدنگ صرف چند گھنٹوں تک محدود ہو جائے گی،وفا قی وزیر پیٹرولیم کا دعوی
پبلک اکاونٹس کمیٹی نے لوڈشیڈنگ کے ذمہ دار سرکاری افسران کو قرار دیدیا
اور
گیاری سیکٹر میں برف تلے دبے جوانوں کو نکالنے کیلیے 70 فیصد کھدائی مکمل

خبروں کی تفصیل :۔

مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کا رکنوں کو لانگ مارچ کی تیاریاں کرنے کی ہدایت کردی۔ ن لیگ کے ذرائع کے مطابق لانگ مارچ کیلئے ہرسطح پر پارٹی کارکنان کوسرگرم کیا جائےگا۔نوازشریف نے مرکزی رہنماو¿ں کو ہدایت کی ہے کہ تحصیل اور ضلعی سطح پر کارکنان سے میٹنگ کی جائے۔ جس کے ذریعے عوام تک لانگ مارچ کا پیغام پہنچا کرانہیں ن لیگ کے ساتھ مارچ کیلئے تیار کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق لانگ مارچ کی حتمی تاریخ کا فیصلہ سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

پاکستان اور برطانیہ نے افغان مسئلے کا سیاسی حل ڈھونڈے پر اتفاق کیا ہے ۔وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے لندن میں برطانوی وزیردفاع فلپ ہیمنڈسے ملاقات کی ،جس میں پاک برطانیہ دفاع کے شعبے میں دو طر فہ تعاون کو فروغ دینے، اورافغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملا قات کے دوران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان مستحکم ، پرامن اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہم افغان عوام اورقیادت پرمشتمل سیاسی مفاہمتی عمل چاہتے ہیں۔وزیر اعظم گیلانی کا مز ید کہنا تھا کہ نیٹو سپلائی کھولنے کے لیے مذاکرات مثبت سمت میں جاری ہیں ۔اس مو قع پر برطانوی وزیردفاع کا کہنا تھا کہ طالبان کو ہتھیار پھینک کر مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا

پہلے تولوڈشیڈنگ میں کمی کے دعوے پانی و بجلی کے وزراءکیا کرتے تھے لیکن اب صدر مملکت کی ہدایت کے بعد وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین بھی میدان میں آگئے، کہتے ہیں کہ تھرمل پاور پلانٹس کو فیول سپلائی ڈبل کردی ،لوڈ شیدنگ صرف چند گھنٹوں تک محدود ہو جائے گی۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم حسین نے بتایاکہ صدر مملکت کی ہدایت کے بعدتھرمل پاور پلانٹس کوفرنس آئل کی فراہمی یومیہ 11ہزار ٹن سے بڑھا کر 2ہزار ٹن کردی گئی ہے،انہوں نے بتایاکہ بجلی کی پیداوار بتدریج بڑھ رہی جو اس وقت 11200میگاواٹ ہے ،اورکل تک 13ہزار میگاواٹ ہو جائیگی، انہوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ لوڈ شیڈنگ صرف چند گھنٹوں تک محدود ہو جائے گی اورعوام کو سکون ملے گا۔

پارلیمنٹ کی خصوصی پبلک اکاونٹس کمیٹی نے کہاہے کہ لوڈشیڈنگ سے تنگ عوام کی توجہ سیاسی قیادت کی بجائے ان سرکاری آفیسرز کی طرف کرانی چاہیے، جو لوڈشیڈنگ کے ذمہ دار ہیں۔ اجلاس میں پبلک اکاونٹس کمیٹی کے چیر مین ندیم افضل نے کہاکہ لوگ ہمارے پتلے جلاتے ہیں، عوام کو متعلقہ محکموں کے آفیسرز کی تصاویر دیں گے تاکہ وہ ان کے پتلے جلائیں،پی اے سی اجلا س میں کہا گیا کہ اعلانیہ لوڈشیڈنگ ماننے کو تیار ہیں لیکن بجلی کی فراہمی میں بد انتظامی برداشت نہیں کی جاسکتی۔کمیٹی ارکان نے بجلی کی لو ڈشیڈنگ کی صو رتحال پر بر ہمی کا اظہا ر بھی کیا ۔

گیاری سیکٹر میں برف تلے دبے پاک فوج کے 130 جوانوں اور 9 شہریوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن 35 ویں روز بھی جاری ہے۔ سخت موسمی حالات کے باعث لاپتہ فوجیوں تک رسائی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق 6 این ایل آئی کے بٹالین ہیڈ کوارٹر تک پہنچنے کے لیے 7 مقامات پر جاری کھدائی کا کام 70 فی صد مکمل ہوگیا ہے۔ کھدائی کے دوران ایک مقام سے باورچی خانے میں استعمال ہونے والی اشیابھی ملی ہیں، آپریشن کو تیز کرنے کے لیے مزید بھاری مشینری گیاری پہنچا دی گئی ہے۔ شدید سردی اور وقفے وقفے سے ہونے والی برف باری کے باعث مشینری متاثر ہونے سے امدادی کاموں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *