PPI News Bulletin 1500 پی پی آ ئی نیو ز بلیٹن

وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ڈرون حملے کامیاب ہوں یا نقصان دہ ،اِن حملوں کو اپنی خود مختاری اور سالمیت پر حملہ سمجھتے ہیں۔ ایک آسٹریلوی چینل سے انٹرویو میں وزیر اعظم گیلانی نے کہا کہ پاکستان افغان مسئلے کے حل کا حصہ ہے،اگر وہاں استحکام ہوگا تو پاکستان میں بھی ہوگا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم مسائل کا حصہ نہیں ہیں ،مسائل کی وجہ سے دونوں ملک کو مشکلات سے گذرنا پڑا،دنیا کو یہ سمجھنا چاہئیے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے آگے بڑھنے کے لئے سیاسی مفاہمت واحد راستہ ہے،فوجی حل کوئی حل نہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کی حمایت کے بغیرجنگ کبھی نہیں جیتی جا سکتی۔

آئی ایس آئی کی جانب سے سیاستدانوں میں رقوم کی تقسیم کے خلاف اصغر خان کی درخواست کی سماعت سپریم کورٹ میں کل تک ملتوی کر دی گئی، مہران بینک کے سابق سربراہ یونس حبیب نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے اصفر خان کی پٹیشن کی سماعت کی۔ عدالتی حکم پر آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل اسد درانی ریٹائرڈ اور مہران بینک کے سابق سربراہ یونس حبیب پیش ہوئے۔یونس حبیب نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مختلف اداروں نے مہران بینک میں ایک ارب چودہ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تھی سیاستدانوں کو دی جانیوالی رقم اس میں سے دی گئی۔چیف جسٹس نے بتایا کہ کیس کا کچھ سربمہر ریکارڈ مل گیا ہے جس میں نصیر اللہ بابر اور اسد درانی کے بیانات بھی شامل ہیں ،مزید ریکارڈ کی تلاش جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کے مفاد میں ان رپورٹس کو خفیہ رکھا جائے گا۔

سینیٹ نے اپنے اختیارات بڑھانے اور قائمہ کمیٹیوں کے سربراہوں کو مجسٹریٹ جیسا اختیار دینے کے نئے قواعد منظورکرلئے ہیں ، سینیٹ نے انتخابی حلقہ بندیوں کے قانون میں ترمیم اور ملک میں خصوصی اقتصادی زونز کے قیام سے متعلق قانون کے بلز بھی منظور کرلئے ہیں۔ اسلام آباد میں آج سینیٹ کے اجلاس میں انتخابی حلقہ بندیوں کے قانون میں ترمیم اورخصوصی اقتصادی زونز کے قانون کے جو بل منظور ہوئے، وہ قومی اسمبلی نے پہلے ہی منظور کررکھے ہیں، سینیٹ کو بااختیار بنانے سے متعلق اسکے قواعد و ضوابط میں ترمیم کی تحریک پیش ہوئی ،سینیٹ نے 24سال بعد اپنے ضوابط میں تبدیلی کی ہے، ایوان نے اسے متفقہ طور پر منظور کرلیا ،،اسکے مطابق قائمہ کمیٹیوں کوبااختیار بنایا جائے گا، ان کے سربراہان کو مجسٹریٹ کا اختیار حاصل ہوگا، چیئرمین کمیٹیز کسی بھی آفیسر کے گرفتاری کا حکم جاری کرسکیں گے، نئے ضابطے کے مطابق سینیٹ کے ہر 7 روزہ اجلاس میں وزیراعظم کو ایک بار لازمی آنا ہوگا،وزیراعظم 30 منٹ تک ایوان میں سوالات کے جواب دیں گے۔

الیکشن کمیشن نے بلوچستان کی سات نشستوں کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کی درخواست مسترد کردی۔مسلم لیگ ن نے ووٹوں کی گنتی تک نتائج کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کی استدعا کی گئی تھی، جسے الیکشن کمیشن نے مسترد کردیا، جس پر مسلم لیگ ن نے کہا ہے کہ نوٹیفکیشن معطل نہ کیا گیا تو سپریم کورٹ سے رابطہ کریں گے۔

ٹرین ڈرائیورز نے آج سے ملک بھر میں بھوک ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے ٹرینیں چلانے سے انکار کر دیا ہے۔جس کی وجہ سے ٹرینوں کی آمدورفت شدید متاثر ہوئی ہے اور مسافروں کو بھی اپنی منزل مقصود پر پہنچنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔لاہور ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں ٹرین ڈرائیورز ایسوسی ایشن اور ایم ڈی ریلوے کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے کے بعد ڈرائیورز نے ہڑتال کی کال دی۔ٹرین ڈرائیورز کا مطالبہ ہے کہ انہیں 2010 کے پے سکیل کے مطابق ترقیاں ، مراعات اور مائلیج الاو¿نس دیا جائے۔

سات ملکی انٹر نیشنل اسنوکر کے سیمی فائنل آج کراچی میں کھیلے جائیں گے۔کراچی میں جاری انٹرنیشنل اسنوکر کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستانی کھلاڑی محمد سجاد کا مقابلہ ایرانی ورلڈ چیمپئن حسین وفائی سے ہوگا، جبکہ دوسری سیمی فائنل میں ایک اور پاکستانی کیوئیسٹ محمد آصف اور تھائی لینڈ کے کھلاڑی سے ٹکرائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *