PPI News Bulletin 1500 پی پی آ ئی نیو ز بلیٹن

مسلم لیگ ن کے صدر میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ تبدیلی آنے میں تھوڑا وقت رہ گیا ہے۔ لاہور میں ن لیگ جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں نوازشریف نے کہا کہ بعض لوگوں نے پرویز مشرف کو دس بار باوردی صدر بنانے کے اعلانات کئے، اور آج انکی موجودگی میں مشرف کے ریڈ وارنٹ جاری ہو رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہم کسی کے سامنے جھکنے کے لئے تیار نہیں، پہلے بھی ملک میں ن لیگ تبدیلی لائی تھی ، اب پھر لائے گی۔انھوں نے کہا کہ نئے نعرے لگانے والے آہستہ آہستہ غائب ہوتے جارہے ہیں۔اس سے قبل جنرل کونسل کے اجلاس میں میاں شہباز شریف کو مسلم لیگ ن پنجاب کا صدر بلامقابلہ منتخب کیا گیا۔

صدرآصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا ہے، اجلاس میں سینیٹ انتخاب اور ملک میں سیاسی صورت حال پر غور کیا جائے گا۔ترجمان ایوان صدر فرحت اللہ بابر کے مطابق صدر زرداری نے پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس آج شام ایوان صدر میں طلب کیا ہے۔ اجلاس میں سینیٹ انتخابات میں اسلم گل کی شکست کا معاملہ اور سینیٹ میں انتخابات کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ کور کمیٹی اجلاس میں چئیرمین سینیٹ اور ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کے انتخابات اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے بلوچستان کے سینیٹ الیکشن نتائج کو برقرار رکھا ہے۔ تنائج کے مطابق ن لیگ کو بلوچستان سے سینیٹ کی جنرل نشست نہ مل سکی۔ بلوچستان اسمبلی میں سینیٹ کی خالی 7 نشستوں پر 2 مارچ کو ہونے والے الیکشن میں 19 امیدواروں نے حصہ لیا تھا جبکہ 65 رکن اسمبلی کے 63 ارکان نے ووٹنگ میں حصہ لیا، ووٹوں کی ابتدائی گنتی کے نتائج پر اعتراضات کے بعد آج اسلام آباد میں اس گنتی کو دوبارہ منعقد کرایاگیا ، گنتی کے اس عمل میں متعلقہ ریٹرننگ آفیسرز نے حصہ لیا جبکہ سینیٹ الیکشن کے امیدوار اور انکے نمائندے بھی وہاں موجود تھے، گنتی کے بعد پہلے والے نتائج کو برقرار رکھتے ہوئے بتایاگیاکہ پیپلز پارٹی کے تین،اے این پی، جے یو آئی ، بی این پی عوامی اور مسلم لیگ ق کے ایک ایک امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر وفاقی حکومت اور وزات پٹرولیم سے 16 مارچ کو جواب طلب کرلیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ شیخ عظمت سعید نے کیس کی سماعت شروع کی توعدالت کے روبرو درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق رٹ درخواست عدالت میں زیر سماعت تھی، اس کے باوجود حکومت نے قیمتوں میں اضافہ کرکے غیر آئینی اقدام کیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا گیا جس سے مہنگائی میں بھی اضافہ ہوچکا ہے۔ عدالت نے درخواست سماعت کےلیے منظور کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور وزارت پٹرولیم سے جواب طلب کرلیا۔

عراق میں چیک پوسٹوں پر فائرنگ سے ستائیس پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔ حملہ آوروں نے عراق کے صوبہ انبار میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا اور فائرنگ کردی۔ وزارت داخلہ کی گاڑیوں میں سوار حملہ آوروں نے فوجی یونی فارم پہن رکھی تھی۔حکام نے اکیس افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے ۔

بھارت نے ایک دلچپسپ مقابلے کے بعد ایران کو شکست دے کر خواتین کا پہلا کبڈی ورلڈ کپ جیت لیا ہے۔بھارت کی ریاست بہار کے شہر پٹنہ میںبھارتی خواتین کبڈی ٹیم نے ورلڈ کپ چیمپئن شپ کا فائنل میچ انیس کے مقابلے میں پچیس پوائنٹ سے جیتا۔اس سے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے جاپان کو اکیس کے مقابلے میں ساٹھ پوائنٹ سے جبکہ ایران نے تھائی لینڈ کو چھبیس کے مقابلے میں چھیالیس پوائنٹ سے شکست دی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *