PPI NEWS Bulletin 1300 پی پی آئی نیوز بلیٹن

ہیڈلائنز:۔

موجودہ حکومت نے مشرف دور سے زیادہ ملک کا براحال کردیا، نواز شریف
وزیراعظم کی گڑھی خدابخش میں شہید بے نظیر بھٹو کے مزار پر حاضری
کراچی میں تشدد کے واقعات میں آج چھ افراد جاں بحق
کوئٹہ میں بچی گٹر میں گرگئی، بچانے کی کوشش میں دو خواتین بھی ہلاک
گال ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم سو رنز پر ڈھیر ہوکر فالوآن کا شکار
اور
Business news
ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم شدید گرم رہنے کا امکان

خبروں کی تفصیل:۔

مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے مشرف دور سے زیادہ ملک کا براحال کردیا ہے۔مری میں میڈیا سے بات چیت کے دوران میاں نواز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملکی خودمختاری کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے ہر شعبے کی تباہی کی ذمہ داری موجودہ حکومت ہے۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، ہمیں متاثرین کی صورتحال کا اندازہ ہے۔

وزیراعظم راجہ پرو یز اشرف نے گڑھی خدا بخش میں ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیربھٹوکی قبروں پر بھی حاضری دی ہے۔ انھوں نے وہاں فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔وزیراعظم آج دو روزہ دورے پر کراچی بھی پہنچیں گے۔اور مزار قائد پر حاضری دیں گے۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کل کنگری ہاو¿س میں پیر صاحب پگارا اور متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو پر ایم کیو ایم کے رہنماو¿ں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

کراچی میں آج تشدد کے مختلف واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد چھ ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق منگھو پیر کے علاقے میں دو لاشیں ملی ہیں جنھیں تشدد کے بعد ہلاک کیا گیا تھا۔ اس سے قبل لیاری ندی کے قریب دھوبی گھاٹ سے ایک لاش برآمد ہوئی، جبکہ لیاری کے ہی علاقے میمن سوسائٹی سے ایک شخص کی لاش ملی ،جسے تشدد کرنے کے بعد گلہ کاٹ کر قتل کیا گیا ہے۔اسی طرح بنارس اور کورنگی کے علاقوں میں بھی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

کوئٹہ میں کھلے گٹر میں گرنے سے دو خواتین اور ایک بچی سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق بچی اور دو خواتین کے کھلے گٹر میں گرکر جاں بحق ہونے کا واقعہ سریاب روڈ پر پیش آیا، تفصیلات کے مطابق افغان مہاجر خاندان سے تعلق رکھنے والی ایک بچی گھر کے قریب گٹر میں گرگئی اسے گٹر میں گرا دیکھ کر اسے بچانے کے لئے اس کی بڑی بہن اور چچی نے بھی گٹر میں چھلانگ لگادی جس کے نتیجے میں تینوں ہی جاں بحق ہوگئے، بچی اور دونوں خواتین کی لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیاگیا، واقعہ کی اطلاع ملنے پر بچی اور خواتین کے دیگر رشتہ داروں میں کہرام مچ گیا۔

گال ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں سو رنز پر ڈھیر ہوکر فالو آن کا شکار ہوگئی۔پاکستانی ٹیم نے تیسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا تو یونس خان 29 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد وکٹ کیپر عدنان اکمل بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹک سکے اور 9 رنز کے سکور پر رن آﺅٹ ہو گئے،اسپنر عبدالرحمن صرف ایک رن بنا کر آﺅٹ ہوئے جبکہ عمر گل بھی 2 رنز بنا کر چلتے بنے. یوں پاکستان کی پوری ٹیم اپنی ناقص کاکردگی کے باعث 100 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، اس طرح سری لنکا کو 372 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔سری لنکا کی جانب سے سورج رندیو نے چار جبکہ ہیراتھ نے تین کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔

رواں مالی سال کے دوران ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں 1ارب ڈالرسے زائد کی کمی ہوئی۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق بجلی اور گیس کی قلت کے باعث 2011ءجولائی سے مئی 2012ءتک 11 ارب ڈالر سے زائد کی ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد ہوسکیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کا حجم 12 ارب 47 کروڑ ڈالر تھا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور شدید گرم رہے گا، تاہم آج رات مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہوائیں چلنے کے علاوہ چند ایک مقامات پر ہلکی بارش کاامکان ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہا۔آج صبح ملک کے چندشہروں کم سے کم درجہ حرارت کچھ اسطرح رہا۔اسلام آباد27،لاہور30،کراچی28، پشاور26،کوئٹہ19،مظفرآباد25، حیدرآباد27، لاڑکانہ29، ساہیوال28، سرگودھا32، بہاولنگر 32، فیصل آباد32، جبکہ ڈیرہ اسمعیل خان میں کم سے کم 29ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *