PPI NEWS Bulletin 1100 پی پی آئی نیوز بلیٹن

ہیڈ لا ئنز:۔

سپریم کورٹ نے اسٹیل مل کرپشن کیس کا فیصلہ سنادیا، کیس ایف آئی اے سے نیب کو منتقل کرنے کا حکم
پاکستان کی جانب سے نیٹو سپلائی کی بحالی یقینی ہوچکی، امریکی عہدیدار کا دعویٰ
کورکمانڈرز کااہم اجلاس آج ہوگا، نیٹو سپلائی کی بحالی پر غور ہوگا
یورپی یونین نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی بستیاں غیرقانونی قرار دیدیں
آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹرافی آج انگلینڈ کو دی جائے گی
اور
فلم بینوں نے کرشمہ کپور کی واپسی کو مسترد کردیا
forex rates

خبروں کی تفصیل:۔

سپریم کورٹ نے اسٹیل مل کرپشن کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں اس کیس کو ایف آئی اے سے نیب میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے تمام ریکارڈ نیب کو حوالے کرنے کا حکم سنایا ہے، جبکہ نیب کو تفتیش کا عمل تین ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ہر پندرہ روز میں پیشرفت کی رپورٹ بھی جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں تمام ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کرتے ہوئے انہیں حراست میں لینے کا بھی حکم سنایا ہے۔اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ ذمہ داروں کا تعین اور ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔یاد رہے کہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اسٹیل مل کرپشن کیس کا فیصلہ پندرہ مارچ کو محفوظ کیا تھا، جسے آج جسٹس طارق پرویز نے پڑھ کر سنایا۔

امریکی عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے راستے نیٹو سپلائی کی بحالی یقینی ہوچکی ہے جبکہ پینٹا گون نے بھی نیٹو سپلائی لائن جلد کھلنے کی امید ظاہر کی ہے۔غیرملکی خبر رساں ادارے سے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک عہدیدار نے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی یقینی ہے، تاہم ابھی معاہدے کو حتمی شکل نہیں دی گئی۔دوسری جانب پینٹاگون کے عہدیداروں نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ نیٹو سپلائی امریکا کیلئے بہت اہم ہے۔امید ہے نیٹو سپلائی بہت جلد بحال ہو جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سے نیٹو سپلائی براہ راست اور کم خرچ ہے اس لیے امریکی ٹیم کے پاکستانی حکام سے مذاکرات جاری ہیں۔پینٹاگون کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ سلالہ واقعے سے دوسرے معاملات متاثر نہیں ہوئے۔پاکستان کے ساتھ تعلقات کی ازسر نو بحالی کیلئے کام کررہے ہیں۔

پاک فوج کی کورکمانڈر کانفرنس آج جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی زیرصدارت ہوگی۔ اطلاعات کے مطابق کور کمانڈرز کے اجلاس میں جنرل اشفاق پرویز کیانی فوجی کمانڈرز کو نیٹو سپلائی بحال کرنے کے حوالے سے اعتماد میں لیں گے، جبکہ دہشتگردی کیخلاف جنگ، پاک افغان سرحدی امور، گیاری سانحہ اور دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر بین الاقوامی قوانین کے مطابق غیر قانونی ہے۔ برسلز میں گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ستائیس رکنی یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا یہ اقدام دو ریاستی حل کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یورپی یونین 1967 کی سرحدوں میں کسی قسم کی تبدیلیوں کو تسلیم نہیں کرے گی، جن میں یروشلم بھی شامل ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ چیمپئن شپ کی ٹرافی آج انگلینڈ کے حوالے کی جائے گی۔ انگلش ٹیم کو یہ اعزاز یکم اپریل تک ٹیسٹ رینکنگ میں نمبرون پوزیشن برقرار رکھنے کی وجہ سے ملے گا۔ اس ٹرافی کے ساتھ آئی سی سی کی جانب سے انگلینڈ کو ایک لاکھ پانچ ہزار ڈالر بھی دیئے جائیں گے۔ اس حوالے سے تقریب لندن میں ہوگی جس میں انگلش کپتان اینڈریو اسٹراس ٹرافی اور انعامی رقم وصول کریں گے۔

کرشمہ کپور تمام کوششوں کے باوجود اپنی نئی فلم ڈینجرس عشق کے ذریعے فلم بینوں کے دلوں میں جگہ بنانے میں ناکام ہوگئیں۔2006ءکے بعد ڈینجرس عشق کے ذریعے کرشمہ کپور کی بطور ہیروئن فلموں میں واپسی ہوئی تھی لیکن وہ اپنی دوسری اننگز میں کوئی نیا کرشمہ دکھائے بغیر ہی کلین بولڈ ہوگئیں۔ڈینجرس عشق جمعہ کو ریلیز ہوئی تھی لیکن پہلے ہی ویک اینڈ پر یہ خاطرخواہ بزنس نہ کرسکی۔

اوپن کرنسی مارکیٹ میں آج پاکستانی روپے کے مقا بلے میں امریکی ڈالراور دیگر اہم کرنسیوںکی قدر میںاضافے سے دن کا آغاز ہوا۔فاریکس مارکیٹ ذرائع کے مطابق دن کے آغاز پر امریکی ڈا لر کی قیمت خرید91روپے75 پیسے،جبکہ قیمت فروخت91رو پے95پیسے ریکارڈ کی گئی۔دیگر کرنسیو ں کے ریٹس کچھ اسطرح ہیں۔ برطانوی پاﺅنڈ قیمت خرید 147روپے10پیسے،قیمت فروخت 148روپے50 پیسے،یورو قیمت خرید118روپے20 پیسے،قیمت فروخت120روپے20پیسے، سعودی ریال قیمت خرید24رو پے40پیسے ,قیمت فروخت24روپے60پیسے جبکہ جاپانی ین کی قیمت خرید ایک رو پیہ13پیسے اور قیمت فرو خت ایک روپیہ14پیسے ریکارڈ کی گئی ۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *