PPI News Bulletin 1100 پی پی آ ئی نیو ز بلیٹن

میمو تحقیقاتی کمیشن کا اجلاس آج ہوگا، وکلا منصور اعجاز سے جرح کریں گے۔جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں میمو کمیشن کا اجلاس آج دن دو بجے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہو رہا ہے۔ اسکینڈل کے مرکزی کردار لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن سے ویڈیو لنک پر کمیشن کے روبرو پیش ہوں گے۔ اجلاس کے دوران وکلا منصور اعجاز سے ان کے بیان کے حوالے سے جرح کریں گے۔ میمو کمیشن کے سیکرٹری بھی لندن میں منصور اعجاز کے ساتھ موجود ہوں گے۔

اورکزئی ایجنسی میں فورسز کی کارروائی میں 18شدت پسندہلاک اور 26زخمی ہوگئے ہیں۔کارروائی میں شدت پسندوں کے ٹھکانے بھی تباہ ہوئے ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اپر اوکزئی کے مختلف علاقوں میں فورسز کے جیٹ طیاروں کی بمباری سے 18شدت پسند ہلاک اور 26زخمی ہوگئے۔فورسز کی بمباری میں شدت پسندوں کے 2تربیتی مراکز سمیت 5ٹھکانے بھی تبا ہ ہوگئے ہیں ۔

انجنوں کی کمی کے باعث اندرون ملک ٹرینوں کی آمد و رفت میں گھنٹوں کی تاخیر برقرار ہے جس کے باعث مسافر مشکلات سے دوچار ہیں۔ملتان ریلوے سٹیشن پر کراچی سے ملکوال جانے والی سپر ایکسپریس آٹھ گھنٹے کوئٹہ سے راولپنڈی جانے والی جعفر ایکسپریس سات گھنٹے، پشاور سے کراچی جانے والی عوامی ایکسپریس پانچ گھنٹے، کراچی سے راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس چار گھنٹے جبکہ کراچی سے ملتان آنے والی زکریا ایکسپریس تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں۔ ریلوے انجنوں کی کمی کی وجہ سے ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں جس کی وجہ سے مسافروں اور ان کے رشتہ داروں کو سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

امریکا میں وال اسٹریٹ پرقبضہ کروتحریک ایک مرتبہ پھر متحرک ہوگئی ہے.نیویارک میں تحریک کے کارکنوں نے ایک فارماسیوٹیکل کمپنی کے ہیڈ آفس اوربینک آف امریکا کے دفتر تک مارچ کیا.پولیس نے کئی مظاہرین کوحراست میں لے لیا.ملٹی نیشنل کمپنیوں اوربینکوں کے لالچ کے خلاف کیے گئے منفرد مظاہرے میں دوسو سے زائد افرادشریک ہوئے.مظاہرین پہلے مارچ کرتے ہوئے نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں واقع ایک دواسازکمپنی کے ہیڈکوارٹرکے باہرپہنچے جہاں انھوں نے کمپنی کے خلاف زبردست نعرے لگائے. مظاہرے کے دوران پولیس نے کئی افراد کوحراست میں لے لیاہے.واشنگٹن،اٹلانٹا،آسٹن ، پورٹ لینڈاوردیگرشہروں میں بھی مظاہرے کیے گئے.

ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی لہر برقرار ہے۔ کالام میں درجہ حرارت منفی آٹھ ہو گیا۔ کوئٹہ سمیت صوبے کے کئی علاقوں میں سردی میں اضافہ ہو گیا جبکہ سندھ میں آئندہ 24 گھنٹے میں درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوگا۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔

اوپن کرنسی مارکیٹ میںآج پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالراور دیگر اہم کرنسیوںکی قدر میں کمی سے دن کا آغاز ہوا۔فاریکس مارکیٹ ذرائع کے مطابق دن کے آغاز پر امریکی ڈالر کی قیمت خرید 90 روپے90پیسے جبکہ قیمت فروخت91روپے20پیسے ریکارڈ کی گئی۔دیگر کرنسیوں کے ریٹس اسطرح ہیں۔ برطانوی پاﺅنڈقیمت خرید143روپے50پیسے،قیمت فروخت144روپے70پیسے، یورو قیمت خرید119روپے80پیسے، قیمت فروخت121روپے،سعودی ریال قیمت خرید 24 روپے20پیسے،قیمت فروخت 24 روپے40پیسے جبکہ جاپانی ین کی قیمت خرید ایک روپیہ13پیسے، اور قیمت فروخت ایک روپیہ14پیسے ریکارڈ کی گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *