ہیڈلائنز:۔
پاکستان میں دو عیدوں کی روایت برقرار،خیبرپختونخواہ میں آ ج عید منائی جا رہی ہے
عید پر دہشت گردی کے واقعات رونما ہوسکتے ہیں،وفا قی وزیرداخلہ
خیبرایجنسی میں سیکو رٹی فو ر سز کی شد ت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر بمباری،10شدت پسند ہلاک
بجلی کا شارٹ فال پھر بڑھنے لگا،گھنٹوں لو ڈشیڈنگ سے عوام پر یشا ن
انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مرحلے کاآ ج سے آغاز
Business
اور
بارشوں کا نیا سلسلہ آج سے شروع
خبروں کی تفصیل:۔
پاکستان میں عید الفطر کا تہوار ایک بار پھر اختلاف کی نذر ہو گیا ہے۔ مرکزی اور صوبائی رویت ہلال تنظیم کے اجلاس نے ایک دوسرے کے برخلاف فیصلے سنائے۔پاکستان کی مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے کسی بھی حصے میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا ، اس لیے عیدالفطر پیر بیس اگست کو ہو گی۔دوسری جانب صوبہ خیبر پختونخوا کے سینیئر وزیر بشیر بلور نے اعلان کیا ہے کہ صوبے بھر میں عیدالفطراتوار کو منائی جائے گی۔بشیر بلور نے پشاور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ پھر ثابت ہو گیا ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہمارے صوبے کی شہادتوں کو نہیں مانتی۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں ہمارے علماءکی شہادتوں کو تسلیم نہیں کیا گیا اور ان کی شہادتیں وصول کرنے سے پہلے ہی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ختم کر دیا گیا۔انہوں نے اعلان کیا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں عید اتوار کو منائی جائے گی۔واضح رہے کہ پاکستان میں ماضی میں بھی عیدالفطر ایک ساتھ منانے کے حوالے سے تنازع رہا ہے۔
وفا قی زیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ عید پر اسلام آباد میں نو مقامات اور ملک بھر میں مختلف مقامات پر دہشت گردی کے واقعات رونما ہوسکتے ہیں۔ اسلام آباد سمیت ملک بھر میں سیکورٹی کے انتظامات کرلیے گئے ہیں۔ کامرہ حملے میں ملوث دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی ہے حملے میں بیرونی ہاتھ خارج ازامکان نہیں۔اسلام آباد میںمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کامرہ ائر بیس پر مارے جانے والے دہشت گرد پاکستانی ہیں۔ حملہ آوروں کے حوالے سے تمام معلومات موجود ہیں کہ وہ کون تھے، کہاں تربیت پائی اور کس مقصد کے لیے حملہ کیا۔ اس منصوبے کا پورا بلیو پرنٹ حاصل ہوگیا ہے۔ رحمن ملک نے کہا کہ گلگت میں بس پر حملے کے حوالے سے سوائے ایم کیو ایم کے کسی بھی سیاسی جماعت نے افسوس کا اظہار نہیں کیا۔ وقت آچکا ہے کہ شعیہ سنی ایک دوسرے کو کافر کہنا چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتوں کا طرز عمل طالبان کے طرز عمل پر ہے اسی لیے ان سیاستدان کو طالبان برانڈ کہتے ہیں۔
خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں سیکیورٹی فورسز کی شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری سے 10شدت پسند ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے. سیکیورٹی ذرائع کے مطابق وادی تیرہ میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں سے بمباری کی گئی جس سے شدت پسندوں کا ایک مرکز تباہ ہوگیا جبکہ 10 شدت ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے. ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے.
بجلی کا شارٹ فال 4ہزار میگاواٹ سے تجا وز کر گیا ہے ، شہروں میں 8 سے 12 جبکہ دیہی علاقوں میں 16 سے 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔۔انرجی مینجمنٹ سیل کے ترجمان کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب18ہزار75 اور پیداوار 14ہزار73میگاواٹ ہے،اس طرح شارٹ فال 4ہزارمیگاواٹ سے تجا وز کر گیا ہے،جس کے با عث لو ڈشیڈنگ دورانےہ میں اضا فہ کر دیا گیا ہے۔ لاہور میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو پریشان کر رکھا ہے، چھوٹے شہروں اور دیہات میں صورتحال مزید ابتر ہے ،جہاں16سے18گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مرحلے کا آغاز آج سے ہوگا، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کا مقابلہ بنگلادیش سے ہوگا جبکہ جنوبی افریقا اور انگلینڈ کے مدمقابل ہوگی۔جنوبی افریقا اور انگلینڈ کی انڈر19 ٹیموں کے درمیان 20ون ڈے میچز ہوچکے ہیں جنوبی افریقا 12 اور انگلینڈ 6 میں فاتح رہا، 2 میچز بے نتیجہ ثابت ہوئے۔ دوسرا کوارٹر فائنل دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور بنگلادیش کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، بنگلادیش کی ٹیم راﺅنڈ میچز میں سری لنکا کو شکست دیکر اپنی طاقت کا بھر پور مظاہرہ کرچکی ہے۔
اسٹیٹ بینک نے رمضان کے دوران کمرشل بینکوں کو گزشتہ سال کے مقابلے میں دو فیصد زیادہ نئے کرنسی نوٹ جاری کئے۔مرکزی بینک کے مطابق رمضان المبارک کے دوران مجموعی طور ایک سوچودہ ارب تئیس کروڑ روپے مالیت نئے کرنسی نوٹ جاری کئے گئے۔ان میں دس روپے کے تین ارب پچاس کروڑ، بیس روپے کے ایک ارب پچانوے کروڑ، پچاس روپے کے دو ارب پچاسی کروڑ، اور سو روپے کے سات ارب تریسٹھ کروڑ روپے مالیت کے نئے نوٹ تھے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق عید کی تعطیلات کے دوران اگر عوام کو اے ٹی ایم سے رقم کے حصول میں مشکل کا سامنا ہواتو متعلقہ بینکوں کو جرمانے کیے جائیں گے۔
بارشوں میں کمی آنے کے بعدملک کے بیشتر حصوں میں درجہ حرارت ایک بار پھر بڑھنا شروع ہو گیا، محکمہ موسمیات نے عید پر بادل برسنے کی پیش گوئی کر دی۔ملک کے مختلف حصوں میں مون سون کی بارشوں میں کمی آ گئی جس سے میدانی اور جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت ایک بار پھر بڑھ گیا ہے۔ دالبندین میں پارہ 45 سینٹی گریڈ پر پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں آج سے بالائی علاقوں میں داخل ہونا شروع ہوجائیں گی جس سے پنجاب، خیبر پختونخوا سمیت بالائی علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو جائیگا جو بدھ تک جاری رہے گا۔