پاکستان نے کہا ہے کہ امریکانے کئی سال قبل بلوچستان میں قونصل خانہ کھولنے کی درخواست کی تھی, لیکن اجازت نہیں دی گئی۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ عبدالباسط کاکہناتھاکہ پاکستانی سفا رتی مشنزکی کو شش ہے کہ بلوچستان کا معاملہ پاکستان کےخلا ف کسی بھی ملک مےں نہ اٹھا یا جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ اورسوئٹزرلینڈ کے ساتھ بلوچ رہنماوں کی پاکستان مخالف سرگرمیوں کا معاملہ اٹھایا ہے, اور ان ممالک نے یقین دہانی کرائی کہ ان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے لئے اقدامات جاری ہیں لیکن مسئلہ کشمیر کو سرد خانے میں نہیں ڈال سکتے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے نمائندے نے انسانی حقوق کونسل میں بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیر میں فوج کو اختیارات دینے اور پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے قوانین کا خاتمہ کرے۔
سینیٹ کے ریٹائرڈ ہو نے والے ڈپٹی چیئر مین جان محمد جمالی نے کہا ہے کہ حالات پر توجہ نہ دی گئی تو بلوچستان ہاتھ سے نکل جائے گا۔ پارلیمنٹ ہاوس میں مےڈ ےا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں عالمی سازش کا تدارک کرنا ہوگا۔ مسخ شدہ لاشوں اور لاپتہ افراد کا مسئلہ حل ہونے تک بلوچستان کی صورتحال ٹھیک نہیں ہوگی۔جان محمد جمالی نے کہا کہ ملک مشکلات میں جاتا نظر آرہا ہے ، صورتحال یہی رہی تو بلوچستان کی ڈگر کہیں اور چلی جائے گی۔
صدر آ صف علی زرداری نے قومی اسمبلی کا اجلاس اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس آئندہ ہفتے طلب کرلئے ہیں۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس 14 مارچ بروز بدھ کوطلب کیا ہے، صدرزرداری نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں ، سینیٹ اور قومی اسمبلی کا مشترکا اجلاس بھی 17 مارچ بروز ہفتے کو طلب کیا ہے، ذرائع کے مطابق مشترکہ اجلاس سے صدر آصف علی زرداری خطاب کریں گے۔
پنجاب اسمبلی میں شریف برادران کو پیسے دینے کی تحقیقات کے مطالبے پر شور شرابا شروع ہو گیا۔ اپوزیشن اور حکومتی ارکان ایک دوسرے پر الزامات لگاتے رہے۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا ۔ اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ایوان میں آ کر حلف دیں کہ انہوں نے پیسے نہیں لئے ،ورنہ قوم سے معافی مانگیں۔ اس پر حکومتی اراکین بولنے لگے،اوردونوں طرف سے الزامات کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ ہنگامہ آرائی کے دوران پیپلز پارٹی کے اراکین واک آوٹ کر گئے۔ کورم پورا نہ ہونے پر سپیکر نے اجلاس 12 مارچ تک ملتوی کردیا۔
یورپی یونین نے فلائٹ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر پی آئی اے کو دیا گیا فضائی حفاظتی معیار کا سرٹیفکیٹ معطل کردیا ہے جس کے بعد خدشہ ہے کہ اگلے مرحلے میں پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازیں بھی بند کی جاسکتی ہیں ۔ یورپی یونین نے پی آئی اے حکام کو کا سرٹیفکیٹ معطل کرنے سے قبل کئی بار خبردار کیا تاہم انتظامیہ نے اپنی غلطیوں پر قابونہ پایا۔ یورپی یونین نے سیفٹی قوانین پر عمل درآمد اور معطلی واپس لینے کے لیے پی آئی اے کو دو ماہ کی مہلت دی ہے بصورت دیگر یورپ کے لیے پروازیں بھی بند کیے جانے کا امکان ہے۔
ایشیا کرکٹ کپ بنگلہ دیش میں گیارہ مارچ سے شروع ہو رہا ہے جس کیلئے قومی ٹیم نے ڈھاکا میں پریکٹس کی۔ پاکستانی ٹیم ایشیا کپ میں شرکت کیلئے گزشتہ روز ڈھاکا پہنچ چکی ہے۔قومی ٹیم کیساتھ نئے کوچ ڈیو واٹمور پہلی سیریز میں اپنی کوچنگ کے جوہر دکھائیں گے۔ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ایونٹ میں سب ٹیمیں ہی سخت حریف ہیں لیکن روایتی حریف بھارت کیخلاف مقابلہ زیادہ اہم ہو گا جس میں ٹیم بہتر کارکردگی دکھا کر کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔ پاکستان کا پہلا میچ میزبان بنگلہ دیش سے گیارہ مارچ کو ہو گا جبکہ بھارتی ٹیم کیخلاف گرین شرٹس سولہ مارچ کو میدان میں اتریں گے۔
