PPI NEWS Bulletin 2100 پی پی آئی نیو زبلیٹن

ہیڈلائنز:۔

پیپلزپارٹی اور ن لیگ کا نگران سیٹ اپ کیلئے جلد مذاکرات کرنے کا فیصلہ
فنی خرابی کے باعث چشمہ ایٹمی بجلی گھر بند، شارٹ فال پانچ ہزار میگاواٹ سے تجاوز
یوٹیلیٹی اسٹورز پر سستے سامان کی عدم دستیابی پر ملک بھر میں عوام پریشان
سپریم کورٹ میں توہین عدالت قانون کیخلاف درخواستوں کی سماعت کل ہوگی
فخرالدین جی ابراہیم کل چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ سنبھال لیں گے
شام میں فورسز کے ہاتھوں آج مزید ڈیڑھ سو افراد ہلاک
اور
پاکستان ہاکی ٹیم آج اولمپک ولیج منتقل ہوجائے گی

خبروں کی تفصیل:۔

حکمران جماعت پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن نے نگران سیٹ اپ کے قیام کے لیے ناموں پر غور شروع کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حکمران اتحاد اور اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ نگران سیٹ اپ غیر جانبدار ہونا چاہیے تاکہ شفات انتخابات ہو سکیں۔ دونوں جماعتوں کے درمیان نگران سیٹ اپ کے قیام کیلئے مذاکرات کا بھی جلدامکان ہے۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ وہ نگران حکومت کے قیام کیلئے پارلیمنٹ سے باہر تمام جماعتوں کواعتماد میں لے گی۔ مسلم لیگ ن نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ نومبر کے پہلے عشرے میں عام انتخابات کرائے جائیں۔

فنی خرابی کے باعث چشمہ کا ایٹمی بجلی گھر بند کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے ساڑھے چھ سو میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی ہے۔ماہرین نے فنی خرابی دور کرنے کے لئے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔امکان ہے کہ خرابی کل تک دور ہوگی۔ ادھر ملک بھرمیں شارٹ فال پانچ ہزار میگاواٹ سے بھی بڑھ گیا ہے جبکہ پیداوار بڑھانے کے لیے منگلا ڈیم سے اضافی پانی چھوڑنے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔وزارت پانی و بجلی کے مطابق چشمہ ون اور ٹو کی بندش سے چھ سو پچاس میگاواٹ بجلی کم ہوگئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں بجلی کا شارٹ فال پانچ ہزار میگاواٹ کے قریب ہے۔بجلی کی مجموعی پیداوار بارہ ہزار کے قریب جبکہ طلب سترہ ہزار سے زائد ریکارڈ کی جارہی ہے، جس کے باعث شہروں میں بارہ سے چودہ جبکہ دیہات میں سولہ سے اٹھارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر عوام کی شکایت ماہ صیام کے دوسرے روز بھی برقرار رہی۔ کہیں ضروری اشیاءنہیں تو کہیں سبسڈی والی اشیاءخریدنے کیلئے دیگر سامان خریدنا بھی لازمی قرار دیدیا گیا ہے۔ حیدرآباد، میرپورخاص اور نوابشا ہ میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر صبح سے ہی رش لگارہا۔حیدرآباد میں شہریوں نے الزام لگایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر ضرورت کے مطابق اشیاءنہیں دی جارہیں۔ لاڑکانہ میں شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں قائم 7یوٹیلیٹی اسٹورز پر صارفین کو سبسڈی والی اشیاءخریدنے کیلئے دیگر سامان کی خریداری پر بھی مجبور کیا جارہا ہے۔ گھوٹکی، رحیم یار خان، گوجرانوالہ اور ملتان میں صورتحال بہتر ہے، یہاں چینی، بیسن اور رمضان المبارک سے جڑی دیگر اشیاءدستیاب بھی ہیں اور ان پر سبسڈی بھی دی گئی ہے۔آزاد کشمیر کے شہر میرپور میں حکومت پاکستان کے یوٹیلیٹی اسٹورز بند پڑے ہیں۔

سپریم کورٹ میں توہین عدالت قانون کیخلاف مقدمے کی سماعت کل ہوگی۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ سماعت کرے گا۔ کل ہی ارکان پارلیمنٹ کی دہری شہریت اور خانیوال میں ایک خاتون کو اینٹیں مار کر ہلاک کرنے کے خلاف مقدمے کی سماعت بھی ہوگی۔چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ دونوں مقدمات کی سماعت کرے گا۔ یہی بنچ منگل کو بلوچستان امن و امان کیس کی سماعت کرے گا۔

جسٹس ریٹائرڈ فخرالدین جی ابراہیم کل چیف الیکشن کمشنر کے عہدہ کا حلف لیں گے۔ حکومت اور اپوزیشن کے متفقہ طور پر نامزد چیف الیکشن کمشنر کی تقریب حلف برداری سپریم کورٹ بلڈنگ میں ہوگی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری ان سے حلف لیں گے۔تقریب میں سپریم کورٹ کے دیگر ججز اور دیگر عہدیداران بھی شرکت کریں گے۔

شام میں سکیورٹی فورسزاور باغیوں کے درمیان جھڑپوں میں آج مزید ڈیڑھ سو افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔تفصیلات کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق کے قرب و جوار میں حملوں کے بعد سکیورٹی فورسز نے کارروائیاں تیز کردی ہیں۔ جہاں دن بھر گولہ باری ہوتی رہی اور سرکاری فورسز نے باغیوں کو پسپائی پر مجبور کردیا جبکہ ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والی جھڑپوں میں آج بھی مزید ڈیڑھ سو افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ دوسری جانب ہزاروں شامی باشندوں نے صورتحال کے پش نظر نقل مکانی شروع کردی ہے اور وہ ترکی، لبنان اور عراق کی جانب ہجرت کررہے ہیں۔ دوسری جانب ملک میں اشیائے خورونوش اور ایندھن کی قلت کا بھی خدشہ پیدا ہو گیا ہے جبکہ پٹرول اسٹیشنز پر بھی لوگوں کی لمبی قطاریں دیکھیں گئیں۔

پاکستان ہاکی ٹیم آج اولمپک ولیج منتقل ہوجائے گی۔ اولمپکس کی تیاریوں کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم تربیتی کیمپ برمنگھم میں جاری تھا جو گزشتہ روز اختتام پذیر ہوگیا، جس کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑی آج لندن کے اولمپک ویلج منتقل ہو جائیں گے۔ پاکستان ٹیم لندن اولمپک گیمز میں تیس جولائی کو اپنا پہلا میچ اسپین کے خلاف کھیلے گی۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ خواجہ جنید احمد کے مطابق اولمپک گیمز کے لیے ہم نے تیاری مکمل کرلی ہے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *