ہیڈلا ئنز:۔
افطاری اور سحری میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا حکومتی وعدہ آج بھی پورا نہ ہوسکا
ملک کے منتخب نمائندے ریاست کے امور کو چلائیں گے، وزیراعظم
توہین عدالت قانون کیخلاف وکلاءکل ملک بھر میں ہڑتال کریں گے
عوامی تحریک کا اجلاس، ذوالفقار آباد کی تعمیر کیخلاف ٹرین مارچ پر غور
فیصل آباد میں پیسے نہ دینے پر شوہر نے بیوی کو زندہ جلا دیا
بھارت سے سیریز کی شرائط طے ہونا باقی ہیں، پی سی بی
اور
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہنے کا امکان
خبروں کی تفصیل:۔
رمضان المبارک میں افطاری اور سحری میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔حکمرانوں نے دعوے تو کئے تھے کہ رمضان المبارک کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی،مگر ان دعوﺅں کے برعکس بجلی کا شارٹ فال ایک بار پھر بڑھ کر 5ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ہے،جس کی وجہ سے سحری اور افطاری سمیت دیگر اوقات میں بھی روزے داروں کو بجلی کی باربار بندش کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انرجی مینجمنٹ سیل کے ترجمان کے مطابق سترہ ہزار پانچ سو دو میگاواٹ طلب کے مقابلے میں پیداوار صرف بارہ ہزار پانچ سو دو میگاواٹ ہے۔اس طرح بجلی کا شارٹ فال ایک بارپھر بڑھ کرپانچ ہزار میگا واٹ ہوگیا۔شارٹ فال بڑھنے سے رمضان المبارک کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ پنجاب کے شہروں اوردیہات میں گرمی اورحبس کے ستائے روزے دار، سحری اور افطاری سمیت دیگر اوقات میں بھی بجلی کو ترس کر رہ گئے ہیں،کئی علاقوں میں مسلسل 2،دوگھنٹے بجلی بند رکھی جا رہی ہے۔
وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ آئین میں واضح طور پر درج ہے کہ ملک کے منتخب نمائندے ریاست کے امور کو چلائیں گے۔ وزیرقانون فاروق ایچ نائیک نے اسلام آباد میں وزیراعظم راجا پرویز اشرف سے ملاقات کی، ملاقات میں عدلیہ سے متعلق اہم امور پر مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے اور آئین کے تحت حکومت چلارہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فاٹا میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے قانون سازی کے امور پر مشاورت بھی مکمل کرلی، فاٹا میں مقامی حکومتوں کے قیام سے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرامد میں مدد ملے گی۔ ملاقات میں انسداد دہشت گردی کے نئے قانون کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہارکیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے موجودہ قانون میں کئی سقم ہیں جس سے دہشت گرد فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ملاقات کے دوران وزیر قانون نے بجلی و گیس کی چوری کے خلاف قانون سازی پر بھی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ بجلی چوری کے خلاف قانون سازی جلد سے جلد کی جائے گی۔
پاکستان بار کونسل نے توہین عدالت قانون کیخلاف کل ملک گیر ہڑتال کااعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب بار کونسل، سندھ بار کونسل اور کراچی بار ایسوسی ایشن سمیت ملک بھر کی بار ایسوسی ایشنز نے پاکستان بار کونسل کی اپیل کی توثیق کرتے ہوئے کل عدالتی امور کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔اس موقع پر بار کونسلز پر سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے
عوامی تحریک کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس پلیجو ہاو¿س قاسم آباد میں ہوا جس میں پارٹی کی قیارت اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اجلاس کی صدارت عوامی تحریک کے صدر اور سندھ پروگریسو نیشنلسٹ الائنس کے کنوینر ایاز لطیف پلیجو نے کی۔اجلاس میں عوامی تحریک کے دیگر رہنمابھی شریک ہوئے۔اجلاس میں سندھ کو تقسیم کرنے کی سازش، مہاجر صوبے کی مہم، ذوالفقارآباد کی آبادکاری کے معاملات زیر بحث لائے گئے اور اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ ان تمام ایشوز پر جدوجہدکو تیز کیا جائے گا۔اجلاس میں سندھ کی تقسیم، مہاجر صوبہ اورذوالفقار آباد کی تعمیر کے خلاف کراچی سے اسلام آباد تک ٹرین مارچ کرنے پر بھی غور کیا گیا۔
فیصل آباد میں شوہر نے پیسے نہ دینے پر اپنی بیوی کو زندہ جلا دیا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں جوئے کیلئے پیسے نہ دینے پر شوہر نے بیوی کو آگ لگادی، جس سے خاتون مکمل طور پر جھلس گئی۔ متاثرہ خاتون کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جاں بر نہ ہوسکی۔پولیس نے شوہر کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنا شروع کردیئے ہیں۔
پی سی بی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے خط کا جواب دیتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی ٹیم دسمبر میں بھارت میں سیریز کھیلنے کو تیار ہے۔ تاہم ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کن شرائط پر ہوگی اس بارے میں تفصیلات طے ہونا باقی ہے۔پی سی بی ذرائع کے مطابق دو دن قبل بی سی سی آئی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو خط کے ذریعے سیریز کھیلنے کی دعوت دی تھی اس خط میں تحریر کیا گیا تھا کہ ہم دسمبر میں اپنے ملک میں پاکستان ٹیم کو مدعو کرتے ہیں، پی سی بی نے اسی دن جواب دیا کہ ہم ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے کے لئے تیار ہیں، تاہم سیریز میں کتنے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ہوں گے اس بارے میں تفصیلات طے ہونا باقی ہیں۔خط میں یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ میچ کن کن شہروں میں ہوں گے، پاکستان کو سیریز کی آمدنی سے حصہ ملے گا یا نہیں۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ میں پاکستان کی ہوم سیریز کھیلنے کے حوالے سے کوئی پیشکش نہیں کی اس حوالے سے میڈیا قیاس آرائیاں کر رہا ہے۔
محکمہ مو سمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم ہزارہ،راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، بہاولپور ڈویژن، جنوب مشرقی سندھ اور کشمیر میں تیز ہوائیں چلنے کے علا وہ چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔آج ملک کے چند شہروں مےں زےادہ سے زےادہ اور کم سے کم درجہ حرارت کچھ اس طرح رہا۔ اسلام آباد38اور 25، لاہور39اور25، کراچی34اور26، پشاور40اور26، کوئٹہ38اور23، مظفرآباد39اور22، ساہیوال29اور23، سرگودھا40اور26 ، بہاولنگر41اور25، فیصل آباد38اور25جبکہ ڈیرہ اسمعیل خان میںزیادہ سے زیادہ 39 اورکم سے کم22ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔