PPI NEWS Bulletin 1700 پی پی آئی نیوز نلیٹن

ہیڈلائنز:۔

بلوچستان میں آئین کے مطابق ہر سیاسی عمل کی حمایت کی جائے گی، آرمی چیف
سندھ میں نئے بلدیاتی نظام کیخلاف احتجاج جاری، فائرنگ سے ایک شخص ہلاک
دہری شہریت کیس، ایک اور رکن قومی اسمبلی کی رکنیت معطل
پنجاب میں انتخابی اتحاد کیلئے ق لیگ اور پیپلزپارٹی کے مذاکرات آج متوقع
بجلی کی پیداوار میں کمی سے لوڈشیڈنگ میں پھر اضافہ
آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ، بالرز میں سعید اجمل بدستور پہلے نمبر پر
اور
انٹر بینک میں ڈالر ایک بار پھر تاریخ کی بلند ترین سطح پر

خبروں کی تفصیل:۔

آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ فوج بلوچستان میں ایسے ہر سیاسی عمل کی حامی ہے جو آئین کے اندر ہو۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دورہ روس پر روانگی سے قبل بلوچستان کے موجودہ حالات پر اظہار خیال کیا۔ آرمی چیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان کے موجودہ حالات کے تناظر میں ایسے ہر سیاسی عمل کی بھرپور حمایت کی جائے گی جو آئین پاکستان کے مطابق ہو۔

سندھ کے مختلف شہروں میں نئے بلدیاتی نظام کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ ڈگری میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق ضلع میرپورخاص کے علاقے ڈگری میں نئے بلدیاتی آرڈینس کے خلاف سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔ مظاہرین نے پیپلزپارٹی کے ایم پی اے میرحاجی حیات تالپر کے گھر پر دھرنا بھی دیا۔ اس دوران ان کے گارڈ کی مبینہ فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد سندھ کے مختلف شہروں میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ٹنڈومحمدخان اور بدین میں سندھ ترقی پسند پارٹی کے کارکنوں نے ڈگری واقعے کے خلاف ریلیاں نکالیں۔ مظاہرین نے ہوائی فائرنگ کرکے دکانیں اور بازار بند کرادیئے۔ نئے بلدیاتی آرڈیننس کے خلاف سکھر میں مسلم لیگ ن اور سندھ نیشنل فرنٹ،جبکہ خیرپورمیں جسقم اور جامشورو میں سندھ ترقی پسند پارٹی نے احتجاجی ریلیاں نکالیں، جبکہ خیرپور میں ہی پیپلزپارٹی کی جانب سے بلدیاتی آرڈیننس اور وزیر اعلیٰ سندھ کی حمایت میں بھی ریلی نکالی گئی۔پڈعیدن میں بھی مظاہرہ کیا گیا۔

سپریم کورٹ نے دہری شہریت کیس میں دو حکومتی ایم این ایز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے شہنازشیخ کی رکنیت معطل کردی ہے ، جبکہ رائے غلام مجتبیٰ کو نوٹس جاری کردیا ہے۔چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے مقدمہ کی سماعت کی،عدالت نے آسٹریلیا کی شہریت رکھنے کے الزام میں مسلم لیگ ق کی رکن قومی اسمبلی شہناز شیخ کی رکنیت معطل کردی ، عدالت نے اوکاڑہ سے ایم این اے رائے غلام مجتبیٰ کو نوٹس بھی جاری کردیا، ان پر کینیڈا کی شہریت رکھنے کا الزام ہے۔سماعت کے دوران وزیرداخلہ رحمان ملک نے کہاکہ مزید پارلیمنٹرینز کی دہری شہریت سے متعلق ان کے پاس کوئی لسٹ نہیں، انکی معلومات سنی سنائی ہیں، اس پر وہ عدالت کو بند کمرے میں بتا بھی سکتے ہیں، چیف جسٹس نے کہاکہ آپ نے ایسے نہیں کہا تھا،آپ کی پریس کانفرنس کی آڈیو رکارڈنگ ہمارے پاس ہے، آپ کے پاس جو کچھ ہے لکھ کر دے دیں۔بعد ازاں سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔

پنجاب میں انتخابی اتحاد سے متعلق امور طے کرنے کے لئے پیپلز پارٹی کی خصوصی کمیٹی نائب وزیراعظم اور ق لیگ کے رہنماءچوہدری پرویز الہیٰ سے آج ملاقات کرے گی۔ ق لیگ کی قیادت کی جانب سے قبل از وقت انتخابی ٹکٹ دینے کی یقین دہانیوں پر پیپلزپارٹی کے متوقع امیدواروں نے تحفظات ظاہر کئے تھے۔ اس صورت حال پر پیپلزپارٹی نے خصوصی کمیٹی تشکیل دی۔ کمیٹی کے ارکان میں نذر محمد گوندل، امتیاز صفدر وڑائچ ، راجہ ریاض ، عامر ڈوگر اور شوکت بسرا شامل ہیں۔ کمیٹی آج مسلم لیگ ق کے سینیر رہنما چوہدری پرویزالہیٰ سے ملاقات کرے گی۔ ملاقات میں حلقہ وار سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق امور پر بات ہوگی۔

بجلی کی پیداوار میں کمی سے شارٹ فال ایک بار پھر بڑھ کر3 ہزار 331 میگاواٹ ہو گیا۔این ٹی ڈی سی حکام کے مطابق بجلی کی مجموعی طلب 16 ہزار 401 اور پیداوار 13 ہزار 70 میگاواٹ ہے، جس کی وجہ پاور پلانٹس کو تیل کی فراہمی کم ہونا ہے۔ دو روز قبل بجلی کا شارٹ فال دو ہزار میگاواٹ تک رہ گیا تھا جس میں اب دوبارہ اضافہ ہو رہا ہے۔ بجلی کی پیداوار میں کمی سے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ شہری علاقوں میں سات اور دیہی علاقوں میں گیارہ گھنٹے تک ہو گیا ہے۔

آئی سی سی کی نئی ٹی 20 رینکنگ میں سعید اجمل بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئی ٹی 20 رینکنگ کا اعلان کردیا ہے۔ بالنگ رینکنگ میں آف اسپنر سعید اجمل بدستور پہلی پوزیشن پر ہیں، جبکہ شاہد آفریدی ساتویں اور محمد حفیظ آٹھویں نمبر پر ہیں۔نوجوان بالر رضا حسن آسٹریلیا کے خلاف شاندار بالنگ کے بعد 67ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔ ٹاپ ٹین بیٹسمینوں میں کوئی پاکستانی شامل نہیں، نیوزی لینڈ کے برینڈن مککلم پہلی پوزیشن پر ہیں جبکہ آسٹریلیا کے شین واٹسن کا دوسرا نمبرہے۔ پاکستان کے ٹاپ بیٹسمین عمر اکمل ہیں جن کا 15واں نمبر ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف شاندار کارکردگی دکھانے والے ناصر جمشید 32ویں پوزیشن پر موجودہیں جبکہ آل راﺅنڈرز میں آسٹریلیا کے شین واٹسن پہلے، پاکستان کے محمد حفیظ دوسرے اور شاہد آفریدی کا تیسرا نمبرہے۔

انٹر بینک میں ڈالر ایک بار پھر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا اور ٹریڈنگ کے دوران ڈالر پچیس پیسے اضافے کے ساتھ پچانوے روپے پچیس پیسے پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔ انٹر بینک ڈیلرز کے مطابق ٹریڈنگ کے دوران ڈالر کی قدر میں روپے کے مقابلے میں ایک بار پھر اضافہ کا رجحان دیکھا گیا۔ ڈیلرز کے مطابق حکومت پاکستان کیجانب سے آئی ایم ایف کی ادائیگی اور عازمین حج کی جانب سے ڈالر کی خریداری کے باعث مارکیٹ میں ڈالر کی قلت کا سامنا ہے جو کہ ڈالر کی قدر میں اضافے کا باعث ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *