ہیڈلائنز:۔
سپریم کورٹ کا انٹرنیٹ پر امریکی گستاخانہ فلم کا نوٹس
ملک ریاض کیخلاف توہین عدالت کیس، سپریم کورٹ کا گواہان کی فہرست پر اعتراض
سانحہ کراچی، عدالتی ٹربیونل نے تحقیقات شروع کردی
ٹرین حادثہ، چیئرمین ریلوے نے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی
لاہور سمیت پنجاب کے پانچ ریجنز میں سی این جی اسٹیشنز تین روز کیلئے بند
اور
پی سی بی کا فرسٹ کلاس کرکٹ کو مزید پرکشش بنانے کا فیصلہ
forex rates
خبروں کی تفصیل:۔
سپریم کورٹ نے انٹرنیٹ پر امریکی فلمساز کی گستاخانہ فلم کا نوٹس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے توہین آمیز فلم کا نوٹس لیتے ہوئے رجسٹرار آفس کو معاملے کا نوٹ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔انھوں نے کہا کہ گستاخانہ فلم کی انٹرنیٹ پر نمائش روکنے کیلئے چیئرمین پی ٹی اے کو طلب کیا جائے گا۔دوسری جانب گستاخانہ فلم کے خلاف ملک بھر میں وکلاءکی جانب سے عدالتی بائیکاٹ کیا جارہا ہے، وکلاءکی جانب سے آج اس فلم کے خلاف احتجاجی ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔
سپریم کورٹ میں ملک ریاض کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت جاری ہے۔ جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں دو رکنی بینچ سماعت کررہا ہے۔ سماعت کے دوران عدالت نے اٹارنی جنرل کی جانب سے جمع کرائی گئی گواہان کی فہرست میں چیف جسٹس کا نام شامل کرنے پر اعتراض کیا۔ جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ اٹارنی جنرل کو گواہوں کی فہرست کا دوبارہ جائزہ لینا چاہئے، اس میں ایک اہم گواہ کا نام شامل نہیں۔انھوں نے کہا کہ اٹارنی جنرل پر متعصب ہونے کا الزام لگ چکا ہے، کیس میں آپ سے استغاثہ کی کارروائی کیسے کرائیں۔کیس کی سماعت ابھی جاری ہے۔
سانحہ کراچی کی تحقیقات کیلئے عدالتی ٹربیونل نے آج سے کام شروع کردیا۔ سندھ حکومت کی جانب سے بلدیہ ٹاﺅن کی گارمنٹس فیکٹری میں لگنے والی آتشزدگی کی تحقیقات کیلئے جسٹس ریٹائرڈ قربان علی علوی کی سربراہی میں عدالتی ٹربیونل قائم کیا تھا۔ ٹربیونل نے آج سے کام شروع کردیا اور مختلف اداروں سے ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔
چیئرمین ریلوے نے کراچی کے قریب ٹرینوں کے تصادم کے واقعے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کردی۔کھگڑ پھاٹک کے قریب شالیمار ایکسپریس اسٹیشن پر کھڑی کراچی ایکسپریس سے ٹکراگئی تھی، جس سے تین افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔چیئرمین ریلوے کی قائم کردہ تحقیقاتی کمیٹی آج لاہور سے کراچی پہنچے گی اور 45 روز کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ دوسری جانب حادثے کو سات گھنٹے گزر جانے کے باوجود ٹریک بحال نہیں ہوسکا ہے۔
لاہور، ساہیوال ، شیخوپورہ ،ملتان اور گوجرانوالہ ریجن میں آج سے تین روز کیلئے سی این جی سٹیشنز بند کردیئے گئے۔سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق لاہور ، ساہیوال ، شیخوپورہ ملتان اور گوجرانوالہ ریجن کے ایک ہزار سے زائد سی این جی سٹیشنز ہفتہ وار سی این جی سٹیشنز کی بندش کے تحت آج سے آئندہ تین روز کیلئے بند رہیں گے۔ جمعرات کی صبح چھ بجے سی این جی سٹیشنز پر سوئی گیس کی فراہمی دوباہ بحال کر دی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے قومی کرکٹ سیزن کو پرکشش بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت محکمہ جاتی اور علاقائی میچوں کیلئے الگ الگ ٹورنامنٹ کرائے جائیں گے۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق گزشتہ برس 128میچز کھیلے گئے تھے اس سال ایک فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ پینٹا گولر کپ کو ختم کر کے 108 میچ کرائے جائیں گے۔ پیٹرنز ٹرافی میں دس ڈپارٹمنٹ کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ یو بی ایل کو گریڈ ون میں ترقی دی گئی ہے، پورٹ قاسم بھی گریڈ ون میں حصہ لے گی۔ پیٹرنز ٹرافی کا آغاز 3 اکتوبر سے ہوگا۔ سنگل لیگ کی بنیاد پر یہ ٹورنامنٹ دسمبر کے دوسرے ہفتے میں ختم ہو گا، ریجنز پر مشتمل ملک کا سب سے بڑے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی دسمبر اور فروری کے درمیان کھیلا جائے گا۔
اوپن کرنسی مارکیٹ میںآج پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالراور دیگر اہم کرنسیوںکی قدر میں کمی سے دن کا آغاز ہوا۔فاریکس مارکیٹ ذرائع کے مطابق دن کے آغاز پر امریکی ڈالر کی قیمت خرید 94روپے60 پیسے جبکہ قیمت فروخت 94روپے90پیسے ریکارڈ کی گئی۔دیگر کرنسیوں کے ریٹس اسطرح ہیں۔ برطانوی پاﺅنڈقیمت خرید152روپے50 پیسے،قیمت فروخت153روپے80پیسے، یورو قیمت خرید122روپے10پیسے، قیمت فروخت123روپے30 پیسے،سعودی ریال قیمت خرید 25 روپے10پیسے،قیمت فروخت 25روپے30پیسے جبکہ جاپانی ین کی قیمت خرید ایک روپیہ 20پیسے، اور قیمت فروخت ایک روپیہ30پیسے ریکارڈ کی گئی۔